جموں// سینٹر آف انڈین ٹریڈ یونین نے پیر کے روز احتجاج درج کرتے ہوئے منیمم ویجز ایکٹ لاگو کرنے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر یونین کے جنرل سکریٹری اوم پرکاش نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک بھر میں ہم نے ’بھارت بچاؤ آندولن‘ شروع کیا ہے۔انہوں نے کہا: ’یہ آندولن نو اگست 1942 میں کئے جانے والے ‘بھارت چھوڑو آندولن‘ کے طرز پر کیا گیا ہے‘۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کے کسان گذشتہ نو ماہ سے سرحد پر بیٹھے ہیں، چار لیبر قانون منسوخ کئے گئے اور مزدور کو مالک پر چھوڑ دیا گیا۔موصوف نے الزام لگایا کہ ملک کے ریلوے، بینک، ڈیفنس وغیرہ کو کھوٹے داموں بیچا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آشا ورکرس جنہوں نے کورونا کے دوران فرنٹ لائن پر کام کیا، کو دو ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم منیمم ویجز ایکٹ لاگو کرنے کا پر زور مطالبہ کر رہے ہیں۔