سرینگر//جموں وکشمیرکے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیرمیں زمین اور نوکری کے حقوق محفوظ ہیں۔انکا کہنا تھا کہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعدزمینی سطح پرمثبت تبدیلیاں نمایاں ہیں۔ منوج سنہا نے ایک نجی نیوز چینل کو انٹرویو کے دوران کہاکہ جموں و کشمیر کے لوگ ایک بڑی تبدیلی دیکھ رہے ہیں۔دفعہ 370کی منسوخی کے2سال مکمل ہونے کے موقعہ پر سنہا کاکہناتھاکہ دفعہ370 کی منسوخی کا اثر زمین پر نظر آرہا ہے۔ منوج سنہا نے تمام خدشات دور کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیرمیں لوگوں کیلئے زمین اور نوکری کے حقوق محفوظ ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کوئی بھی جموں و کشمیر میں بے زمین نہیں ہوگا۔منوج سنہا نے کہا کہ پچھلے2سالوں میں 7 نئے میڈیکل کالج بنائے گئے جبکہ زوجیلا ٹنل کا سنگ بنیاد بھی وزیر اعظم مودی نے رکھا ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر پروجیکٹ اور کام ٹینڈر کے ذریعے کیا جا رہا ہے اور عوامی پلیٹ فارم پر معلومات دستیاب ہیں۔منوج سنہا نے کہاکہ سرکاری کاموں میں جتنی شفافیت جموں وکشمیر میں پائی جاتی ہے ،اُتنی ملک کی کسی دوسری ریاست یامرکزکے زیرانتظام علاقے میں نہیں ہے ۔ منوج سنہاکاکہناتھاکہ پچھلے2سالوں میں ، جموں و کشمیر میں اتنا کام کیا گیا ہے جو پچھلے کئی برسوں میں نہیں کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ پہلے منصوبے شروع ہوتے تھے لیکن منظوری کیلئے استعمال نہیں ہوتے تھے۔ کچھ پروجیکٹ10 تا 15 سال سے زائد عرصے سے زیر التوا ء تھے۔منوج سنہا نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ کشمیر بہت تیزی سے بدل رہا ہے۔ جموں و کشمیر میں تبدیلی وزیر اعظم مودی کا تحفہ ہے۔جموں و کشمیر میں کینسر کے2 ادارے بھی وزیر اعظم کی دین ہیں۔انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر میں2ایمزAIIMS کام کرنے جا رہے ہیں، اس کے علاوہ 7 نئی قومی شاہراہیں منظور کی گئی ہیں۔ NIFT کو2سالوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کے نوجوان آگے آ رہے ہیں اور کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ سنہا نے کہا کہ2600 نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں دی گئی ہیں۔ ساڑھے8 ہزار امیدواروں کے نتائج جاری ہوچکے ہیں۔ جموں و کشمیر میں نوکریوں میں ضلع کیڈر کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ کشمیری پنڈتوں کے نتائج بھی نکل چکے ہیں۔ اس سال50 ہزار نوجوانوں کو مالی مدد ملے گی۔ سنہا نے کہاکہ حکومت18 سے 35 سال کی عمر کی خواتین کو مالی مدد بھی فراہم کر رہی ہے۔ منوج سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پیسوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم جموں و کشمیر میں بہترین صنعتی پالیسی لائے ہیں۔ یہ پالیسی مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی شراکت سے بنائی گئی ہے،اس پالیسی سے 8 سے10 لاکھ افراد کو روزگار ملے گا۔ جموں و کشمیر خوشحال ، محفوظ اور پرامن جگہ بن رہا ہے۔
کشمیری زعفران نیفڈ دکانوں پر
لیفٹیننٹ گورنر کا وزیر اعظم کا شکریہ
نیوز ڈیسک
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نیفیڈ کے تمام دکانوں پر یو ٹی کے زعفران کو ملک بھر میں دستیاب کیا اور کہا کہ اس سے مسالہ پیدا کرنے والوں کے منافع میں اضافہ ہوگا اور مقامی کسان منڈی میں براہ راست رابطہ قائم ہوگا۔انہوں نے کہا "میں وزیر اعظم نریندر مودی کا نہایت شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے جموں و کشمیر کا کیسر(زعفران)ملک بھر میں نیفڈ کے تمام آوٹ لیٹس پر دستیاب کروایا جس سے جموں و کشمیر کے کیسر پیدا کرنے والوں کا منافع بڑھے گا اور مقامی کسانوں کو براہ راست مارکیٹ سے جوڑیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ زعفران کے کاشتکاروں کے فائدے کے لیے حکومت نے جموں و کشمیر میں پیدا ہونے والا زعفران کوآپریٹو فرم NAFED کے ریٹیل اسٹورز کے ذریعے فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔