ترال// ترال کی گوجر بستی گلشن پورہ میں منگلوار کو 38لاکھ کی لاگت سے تعمیر ’ہیلتھ ویلنس سنٹر‘ عوام کے نام وقف کیا گیا جس پر مقامی لوگوں نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔ اس سلسلے میں یہاں ایک تقریب منعقد ہوئی اور ڈی ڈی سی ممبر آری پل منظور گنائی نے اس کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر اے ڈی سی ترال شبیر احمد رینہ بھی موجود تھے۔انہوں نے یہاں تعینات عملے سے تاکید کی کہ اس عمارت کو بہتر دیکھ ریکھ کے ساتھ ساتھ وہ مقصد پورا کریں جس کے لئے اس عمارت کو تعمیر کیا گیا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ علاقے کے لوگوں خاص کر خواتین اور بچوں کو کافی فائدہ پہنچنے گا ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ لوگوں کو بنیادی سہولیات دہلیز پر دستیاب رکھنے کی کوشش کر رہا ہے ۔مقامی لوگوںنے انتظامیہ اور سرکار کا شکریہ ادا کیا ۔ادھر محکمہ آر اینڈ بی کے اسسٹنٹ انجینئر اشتیاق احمد نے بتایاکہ عمارت پر38لاکھ روپے خرچ کرنے ہیں جس میں28لاکھ تاحال خرچ ہوئے ۔تقریب پربلاک میڈیکل افسرترال ڈاکٹر بشیر احمد کے علاوہ محکمہ دہی ترقی،محکمہ صحت ،مال کے دیگر افسران اور ملازمین موجود تھے ۔دریں اثناء ڈی ڈی سی ممبر منظور گنائی سے کئی لوگوں نے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا ۔ڈی ڈی سی ممبر نے لوگوں کو یقین دلایا کہ سبھی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔