سرینگر/ وزارت امور داخلہ کی پارلیمانی قائمہ کمیٹی نے مرکزی زیر انتظام خطے جموں کشمیر میں انتظامیہ ، ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے علاوہ مسائل اور انکے ازالہ کیلئے متعلقین کے علاوہ صنعتوں ، کاروباری اداروں ، مہمان نوازی اور ہوٹل کی صنعت ، سیاحت وغیرہ کے نمائندوں کے ساتھ بدھ کو کئی میٹنگیں کیں۔کمیٹی نے پنچایتی راج اداروں اور اربن لوکل باڈیز نمائندوں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی ، جس میں میئر سرینگر میونسپل کارپوریشن اور مختلف میونسپل کمیٹیوں اور کونسلوں کے صدور اور ضلع ترقیاتی کونسل و بلاک ترقیاتی کونسلوں کے چیئرپرسن اور نائب چیئرپرسن شامل تھے۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے 28 ارکان پارلیمنٹ پر مشتمل اس کمیٹی کی سربراہی کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ آنند شرما کر رہے ہیں۔پینل نے ڈھانچوں ، ترقی ، روزگار کے مواقع ، کاروبار اور تجارت ، سیاحت ، حکومتی سکیموں اور دیگر امور سے متعلق مختلف امور پر غور کیا۔ عوامی اداروں کے نمائندوں نے 73 ویں اور 74 ویں ترمیم کے مطابق مزید بااختیار بنانے کے بارے میں اپنے خیالات پیش کیے۔ کمیٹی کے اراکین نے نچلی سطح کے اداروں کے نمائندوں کے تمام مطالبات اور مسائل اور شکایات کو سنا ، جبکہ انہیں اپنی رپورٹ میں تجاویز شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔صنعتوں ، کاروباری اداروں ، ہوٹل کی صنعت ، سیاحت وغیرہ کے نمائندوں نے بھی قائمہ کمیٹی کے ساتھ بات چیت کی اور کوروناوبائی امراض کی وجہ سے صنعتوں کو درپیش مشکلات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے جموں کشمیرمیں صنعتوں کی پائیداری کے لیے قرضوں ، مراعات ، اسکیموں وغیرہ کے حوالے سے کئی تجاویز اور سفارشات کا اظہار کیا۔پرنسپل سیکریٹری داخلہ ، شالین کبرا ،پرنسپل سیکریٹری محکمہ شہری ترقی ومکانات ، دھیرج گپتا پرنسپل سیکریٹری صنعت و تجارت ، رنجن پرکاش ٹھاکر، کمشنر سیکرٹری محنت و روزگار ، سریتا چوہان صوبائی کمشنر کشمیر ، پانڈورنگ کے پولے، سیکریٹری منصوبہ بندی ، ترقی اور نگرانی ، سشما چوہان، سی ای او مشن یوتھ جے اینڈ کے ، ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری، سیکرٹری سیاحت و ثقافت ، سرمد حفیظ ، مشن ڈائریکٹر رورل لائیو ہڈ مشن ، ڈاکٹر سید سحرش اصغر ، اور دیگر متعلقہ افراد بھی تبادلہ خیال کے دوران موجود تھے۔