آن لائن پوسٹر بنانے کے مقابلے کا انعقاد
جموں// گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن جموں کے بائیو سائنس کلب کے ذریعہ سائنس کے میدان میں حالیہ ترقیوں کے حوالے سے ایک آن لائن پوسٹر بنانے کا مقابلہ منعقد کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کالج کی پرنسپل ڈاکٹر کلوندر کور نے ان تقریبات کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا جو طلباءکو ماحولیات ، مقامی اور عالمی سطح پر تعلق رکھنے میں مدد دیتی ہیں اور سائنس ، ٹیکنالوجی کے انٹرفیس میں مسائل کو سراہتی ہیں۔یہ تقریبات طلباءمیں تجسس ، جمالیاتی احساس اور تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور انہیں اچھے اساتذہ بننے میں مدد دیتی ہیں۔طلباءنے مقابلے میں بڑے جوش و خروش سے حصہ لیا۔مقابلے کا فیصلہ ڈاکٹر راجندر کور ، ڈاکٹر دیپ بنگوترا اور ڈاکٹر انورادھا سیٹھ نے کیا۔بی ایڈ کی ریا شرما جی سی او ای سے دوسرے سمسٹرکوپہلی، بی ایڈ کی پریا دیوی اور ریتو شرما سمسٹر 2 نے دوسری پوزیشن اور B.Ed.M.Ed کی پشپا باسنیٹ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
نہرو یوا کیندرا ڈوڈہ کی جانب سے دوڑ کا اہتمام
ڈوڈہ// نہرو یوواکیندرا ڈوڈہ نے جاری آزادی کا امرت مہوتسو تقریبات کے ایک حصے کے طور پر فٹ انڈیا فریڈم رن 2.0 کا اہتمام کیا۔75 سے زائد نوجوان رضاکاروں نے انتظامی حکام اور پی آر آئی کے عہدیداروں کی موجودگی میں شرکت کی۔ریلی کو ڈپٹی کمشنر وکاس شرما نے ڈی سی آفس کے باہر سے حب الوطنی کے نعروں اور حب الوطنی کے گیتوں کے درمیان جھنڈا دکھایا جو پورے راستے میں جاری رہا۔یہ ریلی بس سٹینڈ اور سرکلر روڈ (ٹنڈواہ) سے گزرنے کے بعد ڈاک بنگلے پر اختتام پذیر ہوئی جہاں ڈی ڈی سی کی وائس چیئرمین سنگیتا رانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس پروگرام میں ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر خوشال گپتا ، میونسپل کونسلر ، رمیش کمار ، ایس ایچ او ، ارون شرما کے علاوہ دیگر پی آر آئی ممبران ، یوتھ کلب کے ممبران اور قومی یوتھ رضاکاروں نے شرکت کی۔وائس چیئرمین نے قومی یوتھ رضاکاروں کے ساتھ بات چیت کی اور انہیں قوم کی تعمیر کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔ پروگرام کا اختتام ڈی وائی او خوشال گپتا کے شکریہ کے ووٹ سے ہوا۔
پتنازی جوالہ پور میںمشروم کی کاشتکاری منصوبے کا افتتاح
عاصف بٹ
کشتواڑ// فوج نے کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ بونجواہ پتنازی کے گاﺅں جوالہ پور میں 60روزہ کمرشل مشروم فارمنگ پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔ اس پروجیکٹ میں 12مرد اور 08خواتین کو منتخب کیا گیا اور انہیں سائنسی کاشتکاری کی تکنیک کے ساتھ ساتھ ضروری انفراسٹرکچر اور زرعی خام مال فراہم کیا جائے گا۔اس پراجیکٹ کے 20افراد میں سے 04ان لوگوں کے خاندان کے افراد ہیں جو پہلے بندوق برداروں کے ہاتھوں مارے گئے تھے ،تین ان لوگوں کی بیویاں ہیں جو بندوق بردارتھے اور سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے گئے تھے ،02 جسمانی طور پر معذور تھے اور دیگرگیار ہ لوگ غربت طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ ٹرایننگ محکمہ زراعت کرے گا اور اس کی نگرانی فوج کرے گا۔ اس پروجیکٹ میں انہوں نے سوشل میڈیا گروپس بھی بنائے ہیں اور چیف ایگریکلچر آفیسر خود اس گروپ کا حصہ ہیں تاکہ روزانہ فصلوں کی نگرانی کی جا سکے۔ افتتاحی تقریب میں فوج ، محکمہ زراعت ، ڈی ڈی سی ممبر ، سرپنچوں و علاقہ کی عوام نے شرکت کی۔
غریب ، یتیم لڑکیوں و بیواﺅں کیلئے
پیشہ ورانہ کٹنگ اور ٹیلرنگ سینٹر کاقیام
کشتواڑ//بیت الہلال چلڈرن ہوم و جے کے یتیم فانڈیشن یونٹ کشتواڑ نے فریدیہ چوک ہڑیال کشتواڑ میں ایک سال کے عرصے کے لیے غریب ، یتیم لڑکیوں اور بیواﺅں کے لیے مفت پیشہ ورانہ کٹنگ اور ٹیلرنگ سینٹر شروع کیا۔ ایک تربیت یافتہ انسٹریکٹر لگایا گیا ہے اور کورس مکمل ہونے تک تمام سہولیات ٹرینیوں کو مفت فراہم کی جائیں گی۔اس کے علاوہ تربیت یافتہ افراد کے لیے اخلاقی کلاس بھی متعارف کرائی جائے گی۔ تاکہ انہیں سیکھنے کیلئے کچھ مل سکے جس سے وہ اپنا روزگار کما سکیں۔
شکتی پریہارکامحالہ دورہ،عوامی مسائل و تنظیمی امور پر تبادلہ خیال
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //سابق وزیر و بھاجپا یوٹی کے نائب صدر شکتی راج پریہار نے بلاک محالہ کا دورہ کر کے عوامی مسائل کا جائزہ لیا۔اس دوران ڈی ڈی سی چیئرمین دھنتر سنگھ کوشل و ضلع صدر بی جے پی سوامی راج شرما بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران انہوں نے پنچائت کھنکوٹ میں عوامی و پارٹی کارکنوں کی میٹنگ سے مخاطب ہو کر موجودہ حکومت کی حصولیابیوں کو بیان کیا۔مقامی لوگوں نے سابق وزیر و ڈی ڈی سی چیئرمین کو کئی مسائل سے آگاہ کیا جس میں رابطہ سڑکوں کی خستہ حالی، حالیہ دنوں کی بارشوں سے مچی تباہی، متعدد دیہات میں پانی و بجلی کی ناقص کارکردگی،تعلیمی اداروں و طبی مراکز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، آبپاشی نہر کو چالو کرنے، محالہ میں جنگلات ڈپو قائم کرنے، زمینداروں کا معاوضہ سے محرومی، راشن گھاٹوں پر راشن کی کمی شامل ہیں۔سابق وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ ان مسائل کا متعلقہ اداروں کی نوٹس میں لا کر ترجیح بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا۔انہوں نے ڈی ڈی سی چیئرمین کی موجودگی میں انتظامیہ پر زور دیا کہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں۔اس دوران عوام نے ڈل درمن سے محالہ کے لئے سڑک و پل تعمیر کرنے پر شکریہ ادا کیا۔پریہار نے ورکروں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی مضبوطی و سرکاری اسکیموں کی عمل آوری کے لئے گاں سطح پر جاکر غریب عوام کو جانکاری دیں تاکہ وہ ان کے استعمال سے بھرپور فائدہ حاصل کر سکیں۔