بارہمولہ // شمالی قصبہ بارہمولہ میں پارکنگ کی عدم دستیابی کی وجہ سے روزانہ بدترین ٹریفک جام کے مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ بارہمولہ کے مین چوک،سیمنٹ پل،جدید روڑ،آر اینڈ بی روڑ،نانک بھون ،قومی شاہراہ کے علاوہ کئی علاقوں میں ٹریفک جام معمول بن گیا ہے اور ٹریفک پولیس عملے کو ٹریفک جام پر قابو پانے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خاص کربس اسٹینڈ سے مین چوک تک سخت ترین ٹریفک جام ہوتاہے جبکہ تحصیل روڈ سے لیکر نانک بھون تک سینکڑوں کی تعداد میں چھوٹی بڑی گاڑیوں کو گھنٹوں تک درماندہ رہنا پڑ تا ہے ۔ جونہی جنرل بس اسٹینڈ سے گاڑیاں نکلتی ہیں تو اُس وقت بدترین ٹریفک رہتاہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے اکثر بدترین ٹریفک جام رہتا ہے جہاں عوام کو اپنی اپنی منزلوں تک پہنچنے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہیں ملازمین اکثر وقت پر دفاتر نہیں پہنچ پاتے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر قصبے میں ایک یا دو پارکنگ سپارٹ ہوتے تو اتنا بدترین ٹریفک جام نہیں رہتا ۔ لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ قصبہ میں جلد از جلد پارکنگ قائم کریں تا کہ اس بدترین ٹریفک سے نجات مل سکے۔اس سلسلے میں ضلع انتظامیہ نے کئی بار بارہمولہ کے عوام کے ساتھ ہنگامی میٹنگوں کا انعقاد کیا تاہم عوام کو ابھی تک ٹریفک کی مصیبت سے نجا ت نہیں مل پائی ہے۔