ڈوڈہ //سابق وزیر و کانگریس نائب صدر غلام محمد سروڑی نے موجودہ حکومت کو ہر محاذ پر ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی سرکار فرقہ پرستی کے نام پر سماج کو تقسیم کرکے اقتدار پرقابض رہنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر و باالخصوص وادی چناب میں کانگریس دور میں جو ترقیاتی منصوبے شروع کئے تھے وہ آٹھ برسوں کے بعد بھی نامکمل ہیں۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے اسمبلی حلقہ اندروال کے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران عوامی وفود و پارٹی کارکنوں سے ملاقات کے دوران کیا۔اس دوران کاہرہ سے نیشنل کانفرنس کے دیرینہ کارکن و علاقہ کی بااثر شخصیت محمد رمضان وانی نے سروڑی کی موجودگی میں کانگریس میں اپنی شمولیت کا اعلان کیا۔ وانی نے کہا کہ سروڑی اندروال حلقہ کے تین بار ایم ایل اے رہ چکے ہیں اور اپنے دورے اقتدار میں تعمیری کاموں کا جال بچھایا ہے اور مستقل میں بھی وہ عوام کی بے لوث خدمت کریں گے. اس موقع پر سروڑی نے وانی کا پارٹی میں شامل ہونے پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کاہرہ علاقہ میں کانگریس کو مزید مضبوطی ملے گی۔سروڑی نے عوام و پارٹی ورکروں سے اپیل کی کہ وہ فرقہ پرست طاقتوں سے ہوشیار رہیں اور ان کے عزائم کو ناکام بنائیں۔واضح رہے کہ محمد رمضان وانی گذشتہ برس کاہرہ حلقہ سے نیشنل کانفرنس کی ٹکٹ پر ڈی ڈی سی الیکشن لڑا تھا اور دو ہزار کے قریب ووٹ حاصل کئے تھے۔