کراچی // پاکستان میںکراچی کے ضلع کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں ایک فیکٹری میںآتشزدگی کے نتیجے میں 17 مزدور جاں بحق جب کہ فائر بریگیڈ کے 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔کراچی کے علاقے مہران ٹاؤن میں واقع کیمیکل فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ فائر بریگیڈ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیتے ہوئے شہر بھر سے فائر ٹینڈرز کو طلب کرلیا۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق فیکٹری کے اندر متعدد مزدوروں کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ فیکٹری کے اندر دھواں بھر جانے کے باعث مزید افراد کی ہلاکتوں کا خدشہ ہے،اس لئے فیکٹری کی دیواریں گرانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورنگی فیکٹری میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی اور محکمہ لیبر سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ نے جاں بحق مزدوروں کے خاندانوں کی بھرپور مدد کرنے اور زخمیوں کا علاج کرانے کی ہدایت کی ہے۔