سرینگر //چیریٹیز ایڈ فاؤنڈیشن انڈیا کی سی ای او محترمہ میناکشی بترا نے یہاں راج بھون میں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے سی اے ایف انڈیا کی کوششوں او ر سرینگر اور اس کے مضافات میں معاشرے کے کمزور طبقے کے 300 خاندانوں میں راشن اور حفظانِ صحت کی کٹس تقسیم کرنے کی کوششوں کو سراہا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ صحت کے اس بے مثال بحران کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے ہم سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ سول سوسائٹی کی تنظیمیں جیسے سی ای ایف بحران پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مل کر لوگوں کی صحت اور فلاح و بہبود پر تباہ کُن نقصان کو روک سکتے ہیں اور کووڈ 19 وبائی بیماری کو شکست دے سکتے ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے سی اے ایف انڈیا کی مستقبل کی کوششوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ۔ محترمہ بترا نے کووڈ وبائی امراض کے خلاف جنگ میں جموں و کشمیر حکومت سے تعاون طلب کیا اور صحت کی دیکھ بھال کے شعبے کوبہتر بنانے کی کوششوں کی مزید تکمیل میں سی اے ایف انڈیا کی شراکت کا یقین دلایا ۔ انہوں نے کہا کہ غیر منافع بخش شعبے نے ہسپتالوں اور ان کے فرنٹ لائین ورکرز کی مدد کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے لیکن مزید کام کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ اس شراکت سے فرق پڑ سکتا ہے اور جموں و کشمیر کے بہادر فرنٹ لائین کارکنوں اور لوگوں کو وبائی مرض سے لڑنے میں مدد مل سکتی ہے ۔ جموں و کشمیر میں تنظیم سرکاری ہسپتالوں ، پی ایچ سی اور میونسپل کارپوریشن کو طبی استعمال کی اشیاء فراہم کر رہی ہیں جس میں ہینڈ سینی ٹائیزر ، ماسک ، فیس شیلڈ ، دستانے ، پی پی ای ، تھرموگب، آکسی میٹر اور آکسیجن کنسینٹر وغیرہ شامل ہیں ۔