سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ پولے،نے جمعہ کو شہر کاتفصیلی دورہ کرکے مختلف ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔صوبائی کمشنر کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنرسرینگر اعجازاسد کے علاوہ دیگراعلیٰ حکام بھی تھے۔دورے کے دوران پولے نے زیربرج ، وچارناگ اورسعدپورہ میں مجوزہ انٹرمیڈیٹ پمپنگ اسٹیشنوں ،ایس ٹی پی نورباغ اور آئوٹ فال پمپنگ اسٹیشن نورباغ کا معائنہ کیا۔انہوں نے علمگیری بازار اور پرانے شہرمیں ایس ٹی پی سے متعلق کاموں کابھی معائنہ کیا۔ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے دوران صوبائی کمشنر نے تمام کاموں کو معینہ مدت کے اندرمکمل کرنے پرزوردیااورحکام سے تلقین کی کہ وہ اس سلسلے میں اراضی کی منتقلی ،پائپوں کو بچھانے اوربجلی اور دیگرسہولیات کی بہم رسانی کے کاموں میں تیزی لائیں۔انہوں نے سرینگرمیں ایس ٹی پی پروجیکٹ سے جڑے تمام کاموں میں سرعت لانے کی بھی تلقین کی تاکہ شہر میں بدرو کی نکاسی کانظام بہتر ہو۔صوبائی کمشنر نے نورباغ،ایس ٹی پی اور آئوٹ فال پمپنگ اسٹیشن کے کام پراطمینان کااظہار کیاجواس سال کے آخر تک قابل کار بن جائیں گے۔دورے کے دوران صوبائی کمشنر نے مقامی لوگوں سے بھی تبادلہ خیال کیا اور ان کی آراء بھی حاصل کی۔انہوں نے لوگوں کو یقین دلایاکہ ان کے مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پر کیاجائے گا۔