سوپور//سوپور کے مضافات میں مویشیوں میں منہ اور کھر کی بیماری نمودارہونے سے متعدد مویشی ہلاک ہوگئے ہیں ۔اطلاعات کے مطابق سوپور کے بوٹینگو، مقام، ژیرہار، جانوار، رام پور، راج پور اور زینہ گیر کے متعدد دیہات میں مویشیوں میں منہ اور کھر کی بیماری پھوٹ پڑی ہے جس کی وجہ سے متعدد،بھینس،بھیڑ،بکریاںخاص طور سے گائیں ہلاک اور سینکڑوں بیمار ہوگئی ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف انتظامیہ مویشی پالن کوفروغ دینے کے دعویٰ کررہا ہیں اوردوسری طرف زمینی سطح پر کسانوں کو درپیش مشکلات کاحل ڈھونڈنے کی کوئی سعی نہیں کی جاتی۔بوٹینگوکے مشتاق احمد کول نامی ایک شہری نے کہا،’’منہ اور کھر کی بیماری سے ان کے گائوں میںقریب نصف درجن گائیں ہلاک ہوئی اوربیسیوں بیمار ہیںاورستم ظریفی یہ ہے کہ کوئی طبی ٹیم علاقہ میں مویشیوں کی جانچ کرنے کیلئے نہیں بھیجی گئی ،نہ ہی مویشیوں کیلئے دواکاکوئی انتظام کیا گیاجبکہ گائوں میں اس حوالے سے صورتحال خراب ہے‘‘۔دیگر گائوں کے لوگوں نے بھی کہا کہ ان کے دیہات میں بھی متعددگائیں اس بیماری کا شکار ہوکر مرگئی ۔انہوں نے کہا کہ ان کی آمدن کاذریعہ یہی گائیں تھیں جن سے وہ محروم ہوگئے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں اس کیلئے معاوضہ دیاجائے۔انہوں نے سوپور میں محکمہ پشوپالن کے حکام سے اپیل کی کہ وہ ان دیہات میں طبی ٹیموں کوروانہ کریں اور مویشیوں کیلئے دواکاانتظام کریں۔انہوں نے مویشیوں کوٹیکہ لگانے کی بھی مانگ کی تاکہ اس بیماری کو مزیدپھیلنے سے روکاجائے۔ اس حوالے سے لائیواسٹاک ڈیولپمنٹ افسر سوپورڈاکٹر عبدلاحدوار نے کہا کہ ہم نے ڈاکٹروں کے ساتھ طبی ٹیمیں دیہات کوبھیجی ہیں تاکہ مویشیوں کاعلاج کرنے کے علاوہ کسانوں کو اس سلسلے میں جانکاری دی جائے۔