سرینگر//بھارتیہ جنتاپارٹی کی ترجمان اورسینئررہنماڈاکٹر درخشاں اندرابی نے جمعہ کو لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر آر کے ماتھر سے ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ مرکزی وقف کونسل کے سیکرٹری شاداب زیب خان اور مرکزی وقف کمیٹی کے اراکین حنیف علی ، ایس منوری بیگم بھی تھے۔ ڈاکٹر درخشان اندرابی نے ایل جی ماتھر کو مرکزی وقف ایکٹ کے تحت لداخ یو ٹی وقف کونسل کی تشکیل کے حوالے سے ایک یادداشت پیش کی جس کے لیے وزارت اقلیتی امور نے حال ہی میں نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ انہوں نے لداخ میں وقف آئین کے طریقوں پر طویل بحث کی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے دورے کے لئے ڈاکٹر اندرابی اور دیگر وقف ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا اور یو ٹی کے لیے پہلے وقف بورڈ کی فوری تشکیل کی یقین دہانی کرائی۔ بعد میں ڈاکٹر اندرابی نے پریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لداخ کا جلد ہی اپنا پہلا وقف بورڈ ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ لداخ میں وقف باڈی کی تشکیل سے مزارات اور دیگر اثاثوں کا بہتر طریقے سے انتظام کیا جائے گا۔ڈاکٹر درخشاں اندرابی کاکہناتھاکہ لداخ ایک عالمی سطح کے سیاحتی مقام کے طور پر ابھر رہا ہے اور یہ مزارات اور مسلم مراکز بھی زائرین کے لیے بڑی توجہ کا مرکز ہوں گے۔ ایل جی ماتھر نے ڈاکٹر اندرابی کو یقین دلایا کہ لداخ یو ٹی کے زیارت گاہوں کومثالی مقامات کے طور پر تیار کیا جائے گا۔