ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے رینج چرالہ سوئی گواڑی کے نزدیک جنگل میں لگی آگ کی وجہ سے جہاں درختوں و پیڑ پودوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے وہیں بجلی کی 132 و 33 کے وی کے ترسیلی لائنوں پر درخت گرنے سے سب ڈویڑن ٹھاٹھری، سب ڈویڑن گندوہ بھلیسہ و کشتواڑ ضلع میں بجلی متاثر ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق بٹوت کشتواڑ قومی شاہراہ پر چرالہ رینج کے کمپارٹمنٹ 33 سوئی گواڑی میں پچھلے دو دن سے آگ سے جنگلات کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ اس دوران جمعہ کی صبح ساڑھے سات بجے کے قریب درخت گرنے سے 132 و 33 کے وی کے ترسیلی نظام کو بھی نقصان پہنچا ہے جس کے نتیجے میں سب ڈویڑن گندوہ و ٹھاٹھری کے چھ گریڈ اسٹیشنوں میں بجلی بند ہوئی ہے جبکہ کشتواڑ ضلع بھی متاثر ہوا ہے۔محکمہ بجلی کے ایک آفیسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ نے مرمت کا کام شروع کیا ہے تاہم مسلسل آگ کی وجہ سے بحالی کا کام جاری رکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 33 کے وی کے ترسیلی نظام میں خرابی آنے کے باعث ٹھاٹھری ،پریم نگر، دھڑا، چنگا، بھٹیاس و گندوہ گریڈ اسٹیشنوں کے دائرے اختیار والے علاقوں میں بجلی بند ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر آگ پر قابو نہیں پایا گیا تو پھر آج بجلی بحال کرنا ناممکن ہے۔ادھر محکمہ جنگلات کے ایک آفیسر نے کہا کہ آگ بجھانے کے لئے محکمہ کی ٹیمیں و فائر و ایمرجنسی سروسز کے اہلکار موقع پر موجود ہیں۔ ڈی ایف او بھدرواہ چندر شیکھر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے۔انہوں نے سیول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ جنگلات کے تحفظ کیلئے اپنا تعاون فراہم کریں اور خشک سالی کے دوران جنگلات کے نزدیک آگ جلانے سے احتیاط کریں۔انہوں نے کہا کہ پہلے ہی موسم خوشک چل رہا ہے اور پھر جنگلوں میں لگی آگ درختوں، پیڑ پودوں و انسانی زندگی کے لئے بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔