ڈوڈہ میںکووڈ ٹیکہ کاری کی شرح 72.19 پہنچ گئی
جمعہ کو 10 نئے مثبت معاملات ،5 مریض صحتیاب
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں کورونا وائرس کے 10 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں اور 5 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اس دوران ضلع میں انتظامیہ نے 18 سال سے اوپر کی عمر والے افراد میں ویکسی نیشن کی شرح 72.19 پہنچ گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق جمعہ کے روز ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری،گندوہ و عسر میں ہوئی کوؤڈ جانچ کے دوران دس افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں ہوم قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور پانچ مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اس طرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 87 و شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 7310 پہنچ گئی ہے۔ضلع میں اب تک کوؤڈ 19 سے 129 افراد فوت ہوئے ہیں اور 272029 افراد میں ٹیکے لگائے گئے ہیں۔محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ضلع میں اٹھارہ سال کی عمر سے اوپر کے 72.19 فیصد لوگوں کو ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔
کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 21ہزار کا جرمانہ
۔ 1295 ٹیکے لگائے گئے ، 1409 نمونے جمع کیے گئے
رام بن //ضلع رام بن میں کووڈ پروٹوکول کے نفاذ کی مہم کو جاری رکھتے ہوئے انفورسمنٹ ٹیموں نے چہرے کے ماسک نہ پہننے اور جسمانی فاصلہ برقرار نہ رکھنے پر گھومنے پر متعدد خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا۔نافذ کرنے والی ٹیموں نے اپنے اپنے دائرہ اختیار میں معائنہ کے دوران 21ہزار300 روپے جرمانہ وصول کیا اور یوں یکم اپریل 2021 سے اب تک جرمانے کی کل رقم 44لاکھ 52ہزار 200روپے ہوگئی ہے۔انفورسمنٹ افسران نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ چہرے کے ماسک پہنیں اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں اس کے علاوہ اپنے قریبی سی وی سی پر کووڈ ویکسی نیشن کی خوراکیں لیں۔ڈسٹرکٹ امیونائزیشن آفیسررام بن ڈاکٹر سریش نے بتایا کہ جمعہ کو ضلع رام بن میں 1295 افراد کو پہلی اور دوسری کوویڈ ویکسین کی خوراک دی گئی۔چیف میڈیکل آفیسر رام بن ڈاکٹر محمد فرید بھٹ کی طرف سے جاری کردہ روزانہ بلیٹن کے مطابق محکمہ صحت نے 1409 نمونے جمع کیے ہیں جن میں 328 ،RT-PCR اور 1081، RAT نمونے شامل ہیں اس کے علاوہ ضلع کے مخصوص ویکسی نیشن سینٹرز میں 1295 افراد کو کوویڈ ویکسین فراہم کی گئی ہے۔
یوتھ کانگریس کا جموں میں سرکار کے خلاف احتجاج
جموں//یوتھ کانگریس نے جمعے کے روزپریس کلب کے باہر جمع ہوکر مرکزی سرکار کے خلاف احتجاج درج کیا۔احتجاجیوں کا الزام تھا کہ موجودہ مرکزی سرکار کانگریس کی 70 سالہ قربانیوں کو بیچ رہی ہے ۔اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بی جے پی کی سرکار ناکام ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا’’کانگریس نے ملک بنانے کے لئے جو70 برسوں کے دوران قربانیاں دیں ان کی نریندر مودی سرکار امبانی، اڈانی کے فائدے کے لئے نج کاری کر رہی ہے ‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے وزیر اعظم کو ملک بیچنے کے لئے نہیں بلکہ ملک کے نوجوانوں کو روز گار فراہم کرنے کے لئے بنایا تھا۔ایک اور احتجاجی نے کہا کہ کانگریس نے 70 برسوں کے دوران ائیر پورٹس، ریلوے وغیرہ کی صورت میں جو پونچی ملک کے لئے جمع کی تھی اس کو ٹھیکہ داروں کو بیچا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک کو بیچنے نہیں دیں گے ۔
چھچھواہ گول میں مواصلاتی نظام درہم برہم
بچے آن لائن کلاسیں نہیں لے سکے ، انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل
زاہد بشیر
گول// علاقہ چھچھواہ ، مہا کنڈ و ملحقہ جات دیگر علاقوں میں مواصلاتی نظام کے درہم برہم ہونے پر مقامی لوگوں نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 370دفعہ ہٹانے کے بعد یہاں پر نیٹ ورک کافی خراب ہے ، ان دنوں پورے جموںو کشمیر کے ساتھ ساتھ ان علاقوں کو بھی نیٹ ورک کاٹ دیا گیا تھا لیکن باقی جگہوں پر اچھی طرح سے بحال کر دیا گیا لیکن یہاں پر لوگوں کو ان ہی مصائب سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوڈ19کے دوران اگر چہ سرکار نے بچوں کو سکول جانے سے روک دیا گیا اور آن لائن کلاسوںکادعویٰ کیا لیکن یہاں پر نیٹ ورک ہی نہیں ہے تو آن لائن کلاسیں بچے کہاں سے لے لیتے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کمپنی چاہئے وہ ائر ٹیل ہو ، جی او ہو یہاں پر بیت مواصلاتی نظام نہیں دے پا رہی ہے ۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اس جانب توجہ دی جائے تا کہ یہاں کے لوگ بہتر مواصلاتی نظام کا استعمال کر سکیں ۔
بجلی کم اور بل زیادہ ، عوام چھچھواہ کا انتظامیہ سے اپیل
زاہد بشیر
گول// علاقہ چھچھواہ کے لوگوں نے علاقے میں بجلی کی آنکھ مچولی پر تشویش کااظہارکیا ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں بجلی موم بتی سے بھی کم ہوتی ہے اور اکثر بجلی بند رہتی ہے لیکن مہینے پر بل تھما دی جاتی ہے ۔انہوں ے کہا کہ علاقے میں لوگ بجلی بہت کم استعمال کرتے ہیں لیکن تین سو اور چار سو سے زیادہ بلیں آتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں ہر گھر کو میٹر لگایا جائے تا کہ لوگوں کو وہی بل آئے گی جو میٹر پر ہو ۔انہوں نے مزید کہاکہ علاقے میں بجلی کی بہتر سپلائی کے ساتھ ساتھ بجلی کی جو بلیں زیادہ آتی ہیں انتظامیہ اپنا رول نبھا کر غریب عوام کے ساتھ انصاف کرے ۔
تھنالہ بھدرواہ میں آگاہی پروگرام
ڈوڈہ//چائلڈ لائن ڈوڈ ہ نے سب ڈسٹرکٹ بھدرواہ کے گاؤں تھنالہ میں ایک آگاہی اور حساسیت پروگرام کا اہتمام کیا۔چائلڈ لائن ڈوڈہ کوآرڈینیٹر میناکشی رینہ نے ٹیم ممبران صبیحہ خان ، فقرو نسا ، سریکھا دیوی کے ساتھ پروگرام کا اہتمام کیا۔؎اس موقع پر سرپنچ شکور احمد اور دیگر ممبران کے علاوہ مقامی لوگ اور بچے موجود تھے۔بچوں کے لیے چائلڈ لیبر پر ایک مختصر فلم دکھائی گئی۔ پی آر آئی کے ارکان کے ساتھ تمام بچوں کو بچوں کے لیے جوانائل جسٹس ، کیئر اینڈ پروٹیکشن ایکٹ اور مختلف مسائل جیسے منشیات کا استعمال ، چائلڈ ٹریفکنگ ، چائلڈ میرج ، چائلڈ لیبر ، پوکسو ایکٹ اور چائلڈ لائن کا کردار (1098) ٹول فری نمبر کے بارے میں بھی بیدار کیا گیا۔ پرائمری ہیلتھ سنٹر تھنالہ کا عملہ بھی موجود تھا۔