جموں و کشمیر کے بیشتر ڈاکٹروں کو تربیت فراہم ہوگی: چیف سیکریٹری
سرینگر /چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے سنیچر کو میڈیکل انسٹی چیوٹ صورہ میں قائم کی گئی سرجیکل سکل لیبارٹری کا آن لائن افتتاح کیا ۔ نوجوان ڈاکٹروں کو جراحیوں کے جدید طریقہ کار سے آراستہ کرنے کیلئے قائم کئے گئے سکل ڈیولپمنٹ سینٹر پورے بھارت کا چوتھا سینٹر ہوگا جہاں ڈاکٹروں کو سرجری کے جدید طریقہ کار کی تربیت دی جائے گی۔اس سے قبل یہ سینٹر ایمز، ایمرز ریشی کیش، منی پال بنگلور میں قائم کئے جاچکے ہیں۔جبکہ شمالی بھارت میں یہ پہلا سکل ڈیولپمنٹ سینٹر ہوگا۔ افتتاحی تقریب سے چیف سیکریٹری نے کہا کہ سکمز ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور سرکار اس ادارے کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرجیکل سکل لیبارٹری کا قیام بھی انہی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی وباء کے دوران سکمز نے بہترین کام کیا اور اس کیلئے وہاں کی فیکلٹی اور عملہ مبارک بادی کا مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی وباء کے دوران ہمیں یہ محسوس ہوا کہ ڈاکٹروں کی ایک بڑی تعداد کو بہتر تدریسی سہولیات کے علاوہ بہترین تربیت فراہم کرنے کی بھی ضرورت ہے اور اہمیں اُمید ہے کہ اس سینٹر میں جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے زیادہ سے زیادہ ڈاکٹروں اور طالب علموں کو تربیت فراہم کی جاسکے گی جکا فائدہ مریضوں کو پہنچے گا ۔انہوں نے کہا کہ سرکار سکمز کو بہترین اور معیاری طبی ادارہ بنانے کی وعدہ بند ہے اور اس حوالے سے کام جاری ہے۔تقریب میں ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر اے جی آہنگر نے کہا کہ سکمز پورے ملک کا بہترین طبی ادارہ ہے جہاں جموں و کشمیر اور لداخ کے لوگوں کو علاج و معالجہ فراہم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی طبی یونیورسٹی ہونے کے وجہ سے طبی تعلیم کے معیار کو بہترین بنانے کیلئے کوششیں جاری ہیں اور طلبہ اور سکالروں کو بہترین تربیت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرجنوں کے ہنر کو مزید بہتر بنانے کیلئے سکل ڈیولپمنٹ سینٹر کا قیام عمل میں لیا گیا ہے جس سے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں کے علاوہ فیکلٹی ممبران اور سکالروں کے ہنر کو مزید تراشا جائے گا۔تقریب میں ڈین سکمز ڈاکٹر عمر جاوید شاہ،میڈیٹرانک کمپنی کے سینئر ڈائریکٹر سرجیکل پرشانت کشور بھی موجود تھے۔