کنگن+کپوارہ // تانترے محلہ گنڈ سے ہاکنار تک اندونی رابطہ سڑک کا پانچ فیصد کام گذشتہ پانچ برس سے مکمل نہیں ہوپارہا ہے جس کی وجہ سے ایک وسیع آبادی کو عبور ومرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق اگرچہ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کے مشیروں،ضلعی انتظامیہ اور آر اینڈ بھی افسران کو بھی اس صوتحال سے آگاہ کیا ہے لیکن کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ ایک وسیع آبادی کو عبور ومرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔انہوںنے بتایا کہ موجودہ دور میں بھی انہیں مریضوں کو مرکزی سڑک تک پہنچانے کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوںنے ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل سے اپیل کی کہ وہ ذاتی مداخلت کرکے ان کے مسائل کو حل کریں تاکہ موسم سرما کے دوران لوگوں کو مزید پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ادھر ہندوارہ سے20کلومیٹر کی دوری پر واقع رینگپت گوجرنار روڑ کی خستہ حالی کے سبب لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ معاملہ کئی بار اعلیٰ حکام کی نوٹس میں لایا گیالیکن انہو ں نے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی ۔مقامی لوگو ں نے بتایا کہ مڈل سکول گوجر نار سے نکہ محلہ تک سڑک کافی خستہ حالت میں ہے کیونکہ اس سڑک پر جگہ جگہ گہرے کھڈ بن چکے ہیں جس سے یہ سڑک بارشوں کے دوران جھیل کا منظر پیش کرتی ہے اور اسکولی بچوں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹروں اور مسافروں کو بھی سخت مشکلات درپیش ہیں ۔انہوں مزید کہا کہ اگرچہ اس وقت وادی میں ہر جگہ سڑکوں کی مرمت اور میکڈم بچھایا جارہا ہے تاہم اس پسماندہ علاقے کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا جارہا ہے۔ لوگوں نے محکمہ آر اینڈ بی اور ایل جی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس سڑک کو آمدورفت کے قابل بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔