اننت ناگ//اپنی پارٹی نے جنوبی ضلع اننت ناگ میں سالار کے موقع پر نوجوانوں کے کنونشن کا اہتمام کیا۔ پارٹی جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر کی قیادت میں منعقدہ کنونشن میں بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئرمین بشیر احمد، اپنی پارٹی ڈی ڈی سی امیدوار گل کولے، زونل کارڈی نیٹر غلام محی الدین راتھر اور مظفر احمد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میر نے کہاکہ نوجوان مثبت سیاسی تبدیلی کے محرک ہیں لیکن اگر نوجوانوں کو انتظامی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑے تو ترقیاتی عمل بُری طرح متاثر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ روایتی سیاسی جماعتوں نے جموں وکشمیر کے نوجوانوںکو کھوکھلے وعدوں اور جذباتی نعروں سے دھوکہ دیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ سیاسی سرگرمیوں میں نوجوانوں کی شمولیت سے جموں وکشمیر ناقابل ِ تصور بلندیوں کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گا۔ میرنے کہاکہ حکومتی ضمانتوں کے فقدان کے باوجود اننت ناگ خاص کر پہلگام میں نوجوانوں نے زندگی کے مختلف شعبہ جات میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی روز ِ اول سے ہی جموں وکشمیر کے نوجوانوں کی سیاسی، سماجی اور اقتصادی ترقی کی حمایت کرتی رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیاکہ اپنی پارٹی لوگوں کی ترقی کی بات کرے گی اور کبھی بھی لوگوں کے جذبات کے ساتھ سیاست نہیں کھیلی جائے گی۔