پلوامہ //جنوبی ضلع پلوامہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان قلمکار ساحل احمد لون کی کتاب’ سول سروسز راہ نما‘ کی رسم رونمائی سرینگر میں انجام دی گئی جس کے دوران قلمکاروں اور ادیبوں کی ایک اچھی خاصی تعداد موجود تھی ۔جنوبی ضلع پلوامہ کے برپورہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان قلم کار ساحل احمد لون کی یو پی ایس سی سول سروسز کے حوالے سے لکھی گئی کتاب سول سروسز راہ نما کا اجراء سرینگر میں کیا ۔تقریب میں کئی نامور ادباء اور قلم کاروں کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی ایک اچھی تعداد نے شرکت کی۔مقرر اور قلمکار مولانا الطاف جمیل ندوی نے کہا کہ ساحل کی(سول سروسز راہ نما) کتاب اُمید جگاتی ہے۔ افسانہ نگار طارق شبنم نے کہا کہ جوں ہی انہیں پتہ چلا کہ ساحل احمد لون کی کتاب منظر عام پر آرہی ہے،وہ کافی خوش ہوئے۔انہوں نے مزید کہا کہ میری دانست میں یہ اُردو زبان میں اپنی نوعیت کی پہلی کتاب ہے۔تقریب میں راجہ یوسف نے بھی خطاب کرتے ہوئے نوجوان قلمکار کی حوصلہ افزا ئی اور سراہنا کی۔مہمان خصوصی ڈاکٹر ریاض توحیدی نے کہا کہ ’سول سروسز راہ نما ‘ایک بہترین کتاب ہے۔اس دوران منعقدہ تقریب میں ہی’تذکرہ تصوف ‘کتاب کا بھی اجراء کیا گیا۔قابل ذکر بات یہ ہے جنوبی ضلع پلوامہ میں گزشتہ چند سالوں کے دوران نوجوان نسل کتابیں تحریر کرنے کی طرف بڑے پیمانے پر مائل ہو رہے ہیں۔