مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے بھاٹہ دھوڑیاں علاقہ میں قائم گور نمنٹ پرائمری سکول بھاٹہ دھوڑیاں کی خستہ حالی عمارت منہدم ہو گئی جس کی وجہ سے سکول میں زیر تعلیم 30سے زائد طلباء کا مستقبل تاریک ہوتا جارہا ہے ۔مکینوں نے محکمہ ایجوکیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سکول کی عمارت کئی دئیاں قبل تعمیر کی گئی تھی جبکہ اس عمارت کا ایک کمرہ حال ہی میں ناقابل استعمال ہو گیا ہے جس کی وجہ سے سکول میں زیر تعلیم بچوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ خراب موسم کے دوران بچوں کو سکول سے چھٹی کر دی جاتی ہے جبکہ عمارت کی تعمیر کے سلسلہ میں کئی مرتبہ اعلیٰ حکام سے رجوع کیا گیا لیکن آفیسران کی یقین دہانیوں کے باوجود بھی عمارت کی تعمیر نہیں ہوسکی ۔غور طلب ہے کہ سکول میں تیس بچوں کی تعلیم کیلئے تین ٹیچر تعینات کئے گئے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقہ میں کوئی متبادل سکول بھی نہیں ہے جس کی وجہ سے بچوں کو مجبور ہو کر مذکورہ سکول میں ہی تعلیم حاصل کرنے کیلئے جانا پڑتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سکولی عمارت کی تعمیر کے سلسلہ میں عملی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ بچوں کا مستقبل بچایا جاسکے ۔