سرینگر //لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے شیر کشمیر انٹر نیشنل کنونشن سنٹر سرینگر میں مرکزی زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر کے پنچائتی راج اداروں کو بااختیار بنانے کے پارلیمانی آؤٹ ریچ پروگرام کا افتتاح کیا ۔اس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ، مرکزی وزیر مملکت برائے جل شکتی اور فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز پرہلاد سنگھ پٹیل ، مرکزی وزیر مملکت سماجی انصاف اور امپاورمنٹ کی وزارت رام داس اتھوالے ، مرکزی وزیر مملکت وزارت تعلیم انپورنا دیوی ، رُکن پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ ، نرمل سنگھ ، ممبرانِ پارلیمنٹ اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی ۔ اوم برلا نے کہا کہ آؤٹ ریچ پروگرام کا مقصد جمہوری اداروں کو بنیادی سطح پر مضبوط اور زیادہ شفاف اور جوابدہ بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گرام پنچایت جیسے جمہوری ادارے لوگوں کی زندگی کو بہتر بنا سکتے ہیں اور اس کیلئے اجتماعی اور مربوط کوششوں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بااختیار پنچائتیں ہماری جمہوریت کو مضبوط بنائیں گی اور بڑے پیمانے پر لوگوں کا اعتماد بڑھے گا ۔ برلا نے جموں و کشمیر میں پیش رفت کی تعریف کی اور کہا کہ یو ٹی امن ، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے ۔ اسپیکر نے کہا کہ بنیادی سطح پر جمہوری اداروں کی اجتماعی اور مربوط کوششیں ترقی کے ثمرات کو صف میں کھڑے آخری آدمی تک لے جائیں گی ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جمہوری اداروں کو ترقی کے ایجنٹ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ لوک سبھا سیکرٹریٹ کی طرف سے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں پنچائتی راج اداروں کے نمائندوں کیلئے صلاحیتوں کی تعمیر کے پروگراموں کیلئے وسیع انتظامات کئے جائیں گے ۔