مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے دھار کس تا اپر گوہلد واٹر سپلائی سکیم گزشتہ 8برسوں سے مکمل نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے مکینوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ علاقہ میں جدید نوعیت کی واٹر سپلائی سکیم کا افتتاح 2013میں شام لعل شرما اور نظیر احمد گریزی کے ہاتھو ں سے کیا گیا تھا تاہم اس موقعہ پر سابقہ ممبر اسمبلی مینڈھر رفیق خان اور اس وقت کے ایم ایل سی جاوید رانا بھی موجود تھے لیکن محکمہ کی نا اہلی و لاپرواہی کی وجہ سے ابھی تک مذکورہ واٹر سپلائی سکیم کو مکمل ہی نہیں کیا جاسکا جس کی وجہ سے علاقہ میں ایک وسیع آبادی پینے کے صاف پانی کی قلت کا سامنا کررہی ہے ۔لوگوں نے بتایا کہ مذکورہ واٹر سپلائی سکیم سے ابھی تک کسی بھی ٹینک میں پانی کی سپلائی نہیں کی جاسکی جبکہ کچھ ایک گھروں میں براہ راست پانی چلایا گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ مینڈھر سب ڈویژں میں اس وقت کئی ایک ایسی واٹر سپلائی سکیمیں موجود ہیں جو کہ پوری طرح سے بند ہوگئی ہیں اور کئی دیہات کی عوام کو پینے کے صا ف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جدید نوعیت کی واٹر سپلائی سکیم کو لے کر ایک ویجی لینس ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ واٹر سپلائی سکیم کا معائینہ کر کے غیر ضروری طو رپر ہورہی تاخیر کا معائینہ کر کے ملوث آفیسران و املازمین کیخلا ف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔