تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے علاقے ہسپلوٹ تا ڈھوک رابطہ سڑک پر تارکول بچھانے کا عمل سست روی کا شکار ہے۔ مکینوں نے مذکورہ سڑک پر جلد از جلد تارکول بچھانے کے عمل میں سرعت لانے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑی مشکل سے اس سڑک پر تارکول بچھانے کا عمل شروع ہوا تھا لیکن پچھلے کچھ عرصہ سے نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس سڑک پر جاری تارکول بچھانے کا عمل نہایت ہی سست روی کا شکار ہے۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ کچھ ہی عرصہ کے بعد سردیوں کا موسم شروع ہو جائے گا جس کی وجہ سے تارکول بچھانے کے عمل میں دشواریاں پیدا ہو سکتی ہیں لہٰذا جلد از اس سڑک پر تارکول بچھانے کے کام میں سرعت لائی جائے تاکہ لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ایک مقامی نوجوان نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سب ڈویژن تھنہ منڈی کے اکثر دیہات میں رابطہ سڑکیں انتہائی خستہ حالی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے جہاں مکینوں کو مشکلات درپیش ہیں وہیں ٹرانسپورٹروں کو بھی کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ دیہات میں سڑکیں پیدل چلنے کے قابل بھی نہیں ہیں۔ لہذا وقت کی اہم ضرورت ہے کہ علاقہ میں تعمیراتی عمل شروع کیا جائے۔