اے سی بی کا سرینگر میونسپل کارپوریشن کا معا ئنہ
سرینگر// اینٹی کروپشن بیورو کے افسران نے پیر کو سرینگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کے پلاننگ سیکشن کا معا ئنہ کیا۔سی این ایس کے مطابق اے سی بی کی ایک ٹیم نے پیر کو سرینگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کا دورہ کیا تاکہ کارپوریشن کے پلاننگ سیکشن کامعائنہ کیا جائے اور وہاں کچھ دفتری ریکارڈ کی جانچ کی گئی تاہم اس کاروائی کی مکمل تفصیل سامنے نہیں آ ئی ہے ۔اے سی بی کے ذرائع نے بتایا کہ کہ کچھ معلومات اکٹھی کرنا معمول کی جانچ کاروائی کا ایک حصہ ہوتا ہے۔
نوجوانوں کومشروم اُگانے پرزور
سرینگر//ڈپٹی کمشنر سرینگر نے بے روزگار نوجوانوں پرزوردیا ہے کہ وہ مشروم اُگانے کیلئے حکومت کی طرف سے شروع کی گئی بہبودی اسکیموں کا فائدہ اُٹھائیںتاکہ وہ باعزت طور اپناروزگار کماسکیں۔انہوں نے نوجوانوں پرزوردیا کہ وہ نوکریوں کے پیچھے بھاگنے کے بجائے نوکریاں دینے والے بن جائیں ۔انہوں نے کہا کہ کئی نوجوانوں نے اپنے یونٹ قائم کرکے دوسروں کیلئے مثالیں قائم کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ سرینگر محکمہ زرعی پیداوار کے ساتھ تال میل کرکے بے روزگار نوجوانوں کیلئے آمدن بخش ذرائع کھوجنے کیلئے محنت کے ساتھ کام کررہا ہے۔
نیشنل کانفرنس تنظیمی انتخاب شروع | سونہ وار، ہندوارہ، لنگیٹ، لولاب اور کولگام بلاکوں کا چنائو
سرینگر//نیشنل کانفرنس تنظیمی الیکشن کے سلسلے میں حلقہ انتخاب سونہ وار، ہندوارہ، لنگیٹ، لولاب اور کولگام کیلئے بلاک صدور کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ حلقہ انتخاب سونہ وار کے 2بلاکوں ہارون اور کھنموعہ کے چنائو میں جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری کی نگرانی میں منعقد ہوئے جبکہ اس موقعے پر صوبائی سکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، نائب صدر صوبہ سید توقیر احمد، ضلع صدر سرینگر پیر آفاق احمد اور انچارج کانسچونسی احسان پردیسی بھی موجود تھے۔ حلقہ انتخاب ہندوارہ کے 6بلاکوں راجوارہ، رامہال اَپر، رامہال لور، تراتھ پورہ، ہندوارہ مین، ماگام اور ناگری کنڈی کے بلاک صدور کے انتخابات جوائنٹ صوبائی سکریٹری غلام نبی بٹ ،جگدیش سنگھ آزاد اور شفقت وٹالی کی نگرانی میں منعقد ہوئے جبکہ اس موقعے پر انچارج کانسچونسی چودھری محمد رمضان بھی موجود تھے۔ حلقہ انتخاب لنگیٹ کے 4بلاکوں مامر َاپر، مامر لور،قلم آباد اور لنگیٹ مین کے بلاک صدور کا چنائو غلام نبی بٹ اور جگدیش سنگھ آزاد کی نگرانی میں منعقد ہوئے جبکہ انچارج کانسچونسی شفقت وٹالی بھی اس موقعے پر موجود تھے۔ حلقہ انتخاب لولاب کے 5بلاک سوگام، واوورہ، مژھل ، کلاروس اور ہائے ہامہ کے بلاک صدور کا چنائو ایڈوکیٹ شوکت حسین گنائی اور منظور احمد وانی کی نگرانی میں منعقد ہوئے جبکہ اس موقعے پر انچارج کانسچونسی قیصر جمشید لون بھی موجود تھے۔ ایسے ہی جنوبی کے ضلع کولگام کے 4حلقہ انتخابات دیوسر، دمہال ہانجی پورہ، کولگام اور ہوم شالی بُگ کے بلاک صدوروں کا بھی چنائو عمل میں لایا گیا۔ یہ چنائو پارٹی کے وسطی زون صدر علی محمد ڈارا ،سینئر ان لیڈر نذیر احمد خان گریزی اور میر سیف اللہ کی نگرانی میں منعقد ہوئے جبکہ اس موقعے پر انچارج کانسچونسیز سکینہ ایتو، پیرزادہ احمد شاہ، ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی اور عمران نبی ڈار بھی موجود تھے۔
مرحوم لیڈرکے افراد خانہ کیخلاف کیس | حریت(ع) کااظہار برہمی
سرینگر//حریت کانفرنس(ع) نے جموں کشمیرکے حکام کی طرف سے بزرگ رہنمامرحوم سیدعلی شاہ گیلانی کی رحلت کے بعد ان کے خاندان کے خلاف ایف آئی آردرج کرنے کی مذمت کی ہے۔ایک بیان میں حریت(ع) نے کہا مرحوم گیلانی کے فرزندان نے اس سلسلے میںمیڈیا کے توسط سے جو تفصیلات بیان کی ہیں ،ان کے مطابق حکام نے طاقت کے بل پر 92 سالہ مرحوم رہنما کی میت کو اپنی تحویل میں لے کر خود ہی کفن دفن کافریضہ انجام دیا جبکہ خاندان کے سوگواروںکومرحوم کی آخری رسومات میں شرکت کرنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی جو حد درجہ تکلیف دہ اور شرمناک ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ یہ امر کس قدر افسوسناک اور انسانیت سوز قدم ہے جب کسی خاندان کے افراد کو اپنی میت کو دفنانے اور آخری رسومات کی ادائیگی کے حق سے محروم رکھا جائے اور پھر اس طرح کے آمرانہ اقدامات کے بعد حکام کی جانب سے سوگوار کنبے کیخلاف FIR درج کرنا اور گرفتاریوں کی دھمکیوں سے خاندان کے افراد کو ہراساں کرنا ظلم کی انتہا ہے ۔حریت کانفرنس نے یہ بات پھر دہرائی کہ دکھ اور ناانصافی کی اس گھڑی میں پوری قوم مرحوم رہنما کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔
گیلانی کی میت کیساتھ سلوک انسانیت سوز:محبوبہ مفتی
یواین آئی
سرینگر// پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ سینئر حریت رہنما سید علی گیلانی کی میت کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک انسانیت کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک زندہ انسان کے ساتھ اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن موت کے بعد اس کی میت کا احترام کیا جانا چاہئے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ اہلخانہ کو بھی مرحوم حریت رہنما کے آخری رسومات انجام دینے کی اجازت دی جانی چاہئے تھی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بندوق کے بل پر کسی بھی رہنما کو پسند یا ناپسند نہیں کروایا جا سکتا ہے۔محبوبہ مفتی نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا ہے۔انہوں نے کہا،’’ہم ویڈیوز اور نیوز کے ذریعے دیکھ رہے ہیں کہ جموں و کشمیر میں لوگ غمزدہ ہیں، آپ کی جنگ زندہ انسان کے ساتھ ہو سکتی ہے لیکن موت کے بعد اس کی میت کو عزت دینی چاہئے‘‘۔ان کا کہنا تھا،’’ہمارے بھی گیلانی صاحب کے ساتھ اختلافات تھے لیکن ایک میت کی بے حرمتی جیسا کہ ہم نے سنا، پڑھا یا ویڈیوز میں دیکھا، انسانیت کے خلاف ہے‘‘۔موصوفہ نے کہا کہ ان (سید علی گیلانی) کی آخری خواہش پوری کی جانی چاہئے تھی اور ان کے اہلخانہ کو تجہیز و تکفین انجام دینے کی اجازت دی جانی چاہئے تھی۔انہوں نے کہا،’’لیکن اس کے برعکس ان کے اہلخانہ کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا گیا بلکہ ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا‘‘۔ان کا کہنا تھا،’’اتنے بڑے ملک جس کو بھائی چارے، جمہوریت وغیرہ کی وجہ سے دنیا میں عزت کی نگاہوں سے دیکھا جاتا ہے، میں کسی کی میت کے ساتھ کھلواڑ نہیں کیا جانا چاہئے، یہ لوگ میت سے اتنا ڈر جاتے ہیں‘‘۔سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسی کے ساتھ اختلاف ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ اس کی میت سے بدلہ لیا جائے۔انہوں نے کہا،’’بندوق کے بل پر کسی لیڈر کو پسند یا ناپسند نہیں کروایا جا سکتا ہے یہاں لوگوں نے بغیر کسی کال کے اپنے دکان بند کئے جس پر ان کو دھمکیاں بھی دی گئیں، لوگ غمزدہ ہیں اگرکوئی گیلانی صاحب کے ساتھ اختلاف بھی کرتا تھا لیکن ان کی میت کے ساتھ کئے جانے والے سلوک کی وجہ سے وہ بھی غمزدہ ہیں‘‘۔واضح رہے کہ یکم ستمبر کو انتقال کرنے والے 92 سالہ سید علی گیلانی کے خاندان کا الزام ہے کہ پولیس نے مرحوم کی میت زبردستی اپنی تحویل میں لی اور انہیں ان کی وصیت کے برخلاف حیدرپورہ کی جامع مسجد کے احاطے میں سپرد خاک کر دیا۔
کپوارہ میں کووِڈ- 19کی صورتحال پرڈپٹی کمشنر مطمئن | 45برس سے کم عمرکے لوگوں کو فوری طورٹیکہ لگانے کی اپیل
کپواڑہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ اِمام الدین نے ضلع میں محفوظ کووِڈ وَبائی صورتحال پر اطمینان کا اِظہار کیا اور لوگوں پر زور دیاکہ وہ ضلع کو وَبائی اَمراض کی ممکنہ تیسری لہر سے محفوظ رکھنے کے لئے کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) پر من و عن عمل کریں۔اِن باتو ں کا اِظہار ضلع ترقیاتی کمشنر نے یہاں میڈیا اَفراد کو ضلع میں موجودہ کووِڈ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دینے کے دوران کیا۔ڈپٹی کمشنر نے موجودہ کووِڈ منظر نامے کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں 27 مثبت معاملات سرگرم ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران مثبت معاملات کی شرح0.19 فیصد رہی جبکہ ضلع میںشفایابی کی شرح 98.64فیصد اور اَموات کی شرح 1.16 فیصد ریکارڈ کی گئی۔اُنہوں نے ٹیکہ کاری مہم کے حوالے سے کہا کہ 18برس عمر سے 45برس عمر کی 55 فیصد آبادی کو آج تک ٹیکے لگائے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر کپواڑہ نے کہاکہ اَساتذہ اور طلباء دونوںکو کووِڈ نمونے لینے کے علاوہ دسویں اور بارہویں جماعتوں کے لئے آج سے سکول کھولے گئے ہیں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلع کے مختلف کالجوں میں داخلہ لینے والے طلباء کے لئے خصوصی ٹیکہ کاری کیمپ کا اِنعقاد کیا جائے گا تاکہ تعلیمی سال کو صحیح طریقے سے بحال کیا جاسکے۔ اُنہوں نے ضلع میں محفوظ کووِڈ وَبائی صورتحال پر اطمینان کا اِظہار کرتے ہوئے ضلع کے عوام الناس پر زور دیا کہ وہ کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) پر مسلسل عمل کریں ۔ اُنہوں نے 45برس سے کم عمر کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ قریبی ٹیکہ کاری مراکز پر جاکر کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائیں تاکہ ضلع کووِڈ کی ممکنہ تیسری لہر سے محفوظ رکھا جاسکے۔
کووِڈ گائیڈ لائنزکی خلاف ورزیاں | 713افراد پرجرمانہ عائد
سرینگر//کووِڈ- 19کی دوسری لہر کاتوڑ کرنے کیلئے پولیس کی مہم جاری ہے اورگزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پولیس نے وادی بھر میں کورونا گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والے713افراد سے 76150 روپے جرمانہ وصول کیا۔ کورونا رہنماخطوط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس کی مہم جاری رہے گی۔ایک بیان میں پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہرحال میں کووِڈ- 19سے بچنے کیلئے سرکار کی طرف سے جاری کئے گئے رہنماخطوط کی پاسداری کریں۔
آرٹی اوکی صدارت میں میٹنگ | شفاف آن لائن نظام اپنانے کی افسروں کو تاکید
سرینگر//ریجنل ٹرانسپورٹ افسر کشمیرساجدیحییٰ نقاش نے پیرکوصوبائی وضلع سطح کے اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ افسروں کی ایک میٹنگ میں محکمہ کے کام کاج کاجائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران آرٹی اونے عوامی شکایات کاسخت نوٹس لیااورافسروں پرزوردیا کہ وہ شفاف اور کورپشن سے پاک نظام کے قیام کویقینی بنائیں۔ نقاش نے میٹنگ کے دوران واضح کیا کہ کورپشن کو کسی طور برداشت نہیں کیاجائے گااور فرائض کی انجام دہی میں کسی بھی کوتاہی کاسنجیدہ نوٹس لیاجائے گا۔انہوں نے متنبہ کیا کہ کسی کوبھی کوئی غلط کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔انہوں نے افسروں پرزوردیا کہ وہ مکمل طور آن لاین نظام اپنائیں اور محکمہ کی تمام سرگرمیوں کواسی نظام کے تحت انجام دیں ۔انہوں نے افسروں سے مزیدکہا کہ وہ عوام کی سہولیت کیلئے لگن سے کام کریں ۔میٹنگ میں وادی کے تمام آرٹی اوزکے علاوہ محکمہ کے دیگرحکام نے شرکت کی۔
جے کے پی ایس سی میں تعزیتی میٹنگ منعقد
نیوزڈیسک
سرینگر//جموںوکشمیر پبلک سروس کمیشن ( جے کے پی ایس سی ) دفترمیں پیر کو ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ممبر جے کے پی ایس سی سبھاش گپتا کے والد کے اِنتقال پر تعزیت کا اظہارکیا گیا۔تعزیتی میٹنگ میں سرینگر میں تعینات جے کے پی ایس سی کے ارکان نے شرکت کی۔ تعزیتی میٹنگ میںاَرکان اور عملے نے سوگوار کنبے کے ساتھ اِظہارِہمدردی کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے اَبدی سکون کے لئے دعاکی۔
دی مین کمپنی کا مختلف شہروں میں آؤٹ لیٹ کھولنے کا منصوبہ
سرینگر// ہندوستان میں مشہور برانڈ ’دی مین کمپنی ‘ نے مختلف شہروں میں نئے آؤٹ لیٹ کھولنے کا منصوبہ بنا یا ہے۔کشمیر میں اپنے آؤٹ لیٹ کے افتتاح کے ساتھ ہی اس برانڈ نے اپنی حکمت عملی پر مبنی پھیلاؤ کے سفر کا آغاز کر دیا ہے اور اسی ماہ مزید غازی آباد، جموں، امرتسر اور لکھنؤ میں مزید 4کاافتتاح متوقع ہے۔کمپنی کے مطابق اس برانڈ نے اپنے کام کیلئے تربیت یافتہ بیوٹی ایڈوائزر مختص کئے ہیں،جو گاہکوں کو بہتر خدمات پیش کرتے ہیں۔یہ آؤٹ لیٹ نئے گاہکوں کی ضروریات کو پوری کرنے میں مدد کریں گے اور ہندوستان میں مردوں کی جملہ گرومنگ ضروریات کے واحد مرکز والے برانڈ کے طور پر اپنے برانڈکی شہرت کی بنیاد پر اپنے کاروبار میں مزید اضافہ کریں گے۔ فی الحال ’دی مین کمپنی‘کے پاس 1200 سے زائد آؤٹ لیٹ ہیں جو ہندوستان کے75 سے زیادہ بڑے شہروں میں پھیلے ہوئے ہیں۔ اس برانڈ کے ذریعے پیش کی جانے والی100 فیصد قدرتی، کیمیائی مرکبات پیرابین، اسی ایل ایس (سوڈیم لاوریل سلفیٹ) سے پاک، جانوروں پر غیر آزمودہ اور ایسینس کے ساتھ مربوط تیلوں پر مشتمل اعلیٰ ترین درجے کی مصنوعات تک فراہم کرنے میںاپنا ایک اہم مقام رکھتی ہیں۔کمپنی کے شریک بانی بھیشم بھتیجا نے کہا ’’اس سے ہمیں جدید دور کے اپنے گاہکوں کے بننے سنورنے کی ضروریات کی تکمیل میں مدد ملتی ہے اوربرانڈ کے ساتھ ان کا تعلق بھی مضبوط ہو جائے گا‘‘۔
نوشہرہ میں چوروں کے گروہ کا پردہ فاش | 7ملوثین گرفتار ، مال مسروقہ برآمد
نوشہرہ /رمیش کیسر /جموں وکشمیر پولیس نے راجوری ضلع کے نوشہرہ سب ڈویژن میں چوروں کے ایک گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے 7افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔اس سلسلہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران ایس ایس پی راجوری شیما نبی قصاب نے کہا کہ پولیس نے کامیابی کیساتھ کئی ایک معاملات کو حل کر لیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نوشہرہ سب ڈویژن میں چوری کے ایک معاملہ کی تحقیقات کے دوران ہوئی پیش رفت کے دوران مذکورہ ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ چوری کے سلسلہ میں درج ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 211/2020میں ملوث افتار حسین ولد محمد اقبال سکنہ کالا کوٹ اور ظفر حسین ولد عدالحسین سکنہ کالا کوٹ کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے پانچ موبائل فونز بھی ضبط کرلئے ہیں ۔اسی طرح درج کئے گئے ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 03/2021میں تھنہ منڈی کے الا علاقہ کے رہائشی امجد محمود ولد محمود ظفر کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ایف آئی آرنمبر 09/2021،10/2021او ر 13/2021میں ملوث بشارت حسین ولد عبدال رشید کو گرفتار کر چوری شدہ گاڑیاں بھی ضبط کرلی گئی ہیں ۔ایس ایس پی راجوری نے بتایا کہ پولیس کے پاس درج کئے گئے معاملات زیر ایف آئی آر نمبر 182/2021اور 183/2021میں ملوث ریاست بہار کے 3چور گرفتار کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر پولیس راجوری ضلع میں جرائم کر کم کرنے کیلئے مختلف امور پر محنت ولگن کیساتھ کام کررہی ہے ۔
آیت اللہ حکیم کا انتقال پیروان ولایت کا اظہار رنج
سرینگر//پیروان ولایت جموں کشمیرکے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے عراق کے ممتازعالم آیت اللہ سید محمد سعید الحکیم کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ مولانا قمی نے بلند پایہ عالم کی رحلت کو ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا اور کہا کہ فقہ اجتہاد میں اس عظیم ہستی کی کمی کا احساس برسوں تک رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام کے تئیں موصوف کی خدمات بے شمار ہیں ۔مولانا قمی کے مطابق مرحوم نے دشوار ترین حالات میں زندگی بسر کرکے دین اسلام کی تعلیمات عراق بلکہ دنیا بھر کے کونے کونے تک پھیلائیں۔ پیروان ولایت کے سربراہ نے اس مصیبت پر امت مسلمہ کو بالعموم امام خامنہ ای کو بالخصوص تعزیت پیش کی ۔