قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کیلئے اقدام لازمی:قیوم وانی
سرینگر//سو ل سوسائٹی فورم نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے پر حکام کی لاپرواہی پرتشویش کااظہار کیا ہے۔ایک بیان میں فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے کہا کہ کووِڈ- 19عالمگیر وباء کے نتیجے میں نافذ کئے گئے لاک ڈائونوں کی وجہ سے جموں کشمیرکے اقتصادیات کی ریڑھ کی ہڈی جیسے زراعت،باغبانی،سیاحت اوردیگر شعبے ٹوٹ گئے ہیںاور مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی قوت خرید جواب دے چکی ہے۔انہوں نے کہاحکومت جموں کشمیرمیں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے میں کوئی سنجیدہ کارروائی نہیں کرتی ہے ۔وانی نے مطالبہ کیا کہ جموں کشمیرمیں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو اعتدال پررکھنے کیلئے فوری اقدام کئے جائیں۔
کسان تحریک کا کسان مخالف قوانین کو منسوخ کرنے کا مطالبہ
سرینگر //جموں کشمیر کسان تحریک کے جنرل سیکریٹری غلام نبی ملک نے کسان مخالف قوانین کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں کشمیرمیں1949سے کسان دوست امدادباہمی کااپناماڈل ہے اورا سے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے جوچھوٹے اورپسماندہ کسانوں کی مددکرسکے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ان قوانین کا مقصد تجارتی گھرانوں (کارپوریٹ)کے زرعی کاروبار کو غریب کسان کی محنت کی قیمت پر مدد کرنا ہے۔ زراعت میں نجی شعبے کی شمولیت کا مسئلہ نہیں ہے لیکن بی جے پی کی قیادت والی مودی حکومت زراعت کو کارپوریٹائز کررہی ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ایم ایس پی کو آئینی ضمانت نہیں دی جاتی۔ جس سے کسانوں کو ایک نازک صورتحال میں دھکیل دیا گیا ہے۔ مودی حکومت ’ اتمانربھر بھارت مہم‘ کی آڑ میں مختلف نو لبرل اقدامات کر رہی ہے۔ زراعت اور دیہی بنیادی ڈھانچے کے لیے اعلان کردہ تمام اقدامات نے اصل میں کسانوں کو کچھ نہیں دیا۔ اشیا ضروریہ ایکٹ میں ترمیم کی گئی ہے اس سے کارپوریٹس کو کاشتکاروں کو لوٹنے کی اجازت ہے۔غلام نبی ملک نے کہا کہ اے پی ایم سی ایکٹ کو غیر موثر بنا دیا گیا ہے اور نجی منڈیوں کو ہر جگہ کام کرنے کی اجازت ہے۔ کنٹریکٹ فارمنگ نافذ کی جا رہی ہے اور کارپوریشنوں کو چھوٹے اور پسماندہ کسانوں کی زرعی زمین پر قبضہ کرنے کی اجازت ہے۔انہوں نے کہا کہ کسان پچھلے نو مہینوں سے احتجاج کر رہے ہیں ، لیکن حکومت کی طرف سے کوئی بھی ان سے بات کرنے کے لیے تیار نہیں ہے اور ان پر قابو پانے کے لیے ہر غیر جمہوری ، آمرانہ اور تقسیم کا طریقہ استعمال کیا جاتا ہے۔ FPOs کا مقصد کارپوریٹس کے لیے کسانوں کی پیداوار پر قبضہ کرنا ہے۔ملک نے کہا کہ جموں کشمیر کے پاس 1949 سے کسان دوست کوآپریٹوائزیشن کا اپنا ماڈل تھا ، اسے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے جو چھوٹے اور پسماندہ کسانوں کی مدد کرسکے۔
لائوڈاکااچانک ناکہ
بغیراجازت تعمیراتی مواد لیجانے والے ڈرائیورگرفتار
سرینگر // لائو ڈا کی اینفورسمنٹ ونگ نے غیر قانونی تعمیراتی میٹریل کی نقل وحمل کوروکنے کیلئے 9اور 10ستمبر کی درمیانی رات کو اچانک ایک ناکہ لگایا اورغیر قانونی طور تعمیراتی مواد لانے والے ٹپر ڈرائیوروں کے خلاف کاروائی کی۔ لائو ڈا کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ناکہ پارٹی نے ایک گاڑی زیر نمبر JK01P-1321کو ضبط کیا اور پولیس اسٹیشن نشاط کے حوالے کردیا ۔ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن نشاط میں دفعہ 92/21 زیر سیکشن 188آئی پی سی کیس درج کیا گیا کیونکہ گاڈری کا ڈرائیور ضروری اجازت نامہ پیش نہ کر سکا کیونکہ وہ جھیل ڈل کے گردونواح میں تعمیراتی مواد لے جارہا تھا ۔اس کے علاوہ لائو ڈا اینفورسمنٹ ونگ نے فرینڈز کالونی ، لشکری محلہ،اشبر،ڈودجی محلہ، ملہ پورہ اور صدر بل میں دو مکانوں کی بنیاد، دو ہٹ، دو یک منزلہ مکان اور ایک چھت کو مسمار کیا ۔ غیر قانونی طور پر تعمیراتی مواد جمع کرنے کے علاوہ زمین کی بھرائی کو بھی کئی مقامات سے ہٹایا گیا ۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کاروائی کی گئی۔
مولانا حبیب الرحمان لدھیانوی فوت
میرواعظ اور مولانا شیخ عبدالقیوم کی تعزیت
سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر اور جمعیت علماء اہل السنۃ والجماعۃ نے معروف عالم دین ، مجلس احرار ہند کے امیر، ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالتﷺکے مخلص رہنمااور جامع مسجد لدھیانہ پنجاب کے شاہی خطیب و امام مولانا حبیب الرحمن لدھیانوی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔انجمن نے اپنے سربراہ میرواعظ عمر فاروق کی جانب سے مرحوم کے خاندان کے اکابرین اور بزرگوں کی جانب سے خطہ پنجاب میں طویل اور مسلسل بے لوث دینی ، تبلیغی اور اصلاحی خدمات کیلئے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا اور کہا کہ مولانا کی وفات اہل پنجاب اور بھارت کے دینی حلقوں کیلئے ایک بڑا بھاری نقصان ہے کیونکہ مولانا کی ذات پنجاب کے مسلمانوں کیلئے ایک ڈھال کی حیثیت رکھتی تھی۔بیان میں کہا گیا کہ نہ صرف مولانا لدھیانوی کا بلکہ آپ کے قابل فخر خاندان کے بزرگوں کا جموںوکشمیر کے میرواعظین خاص طور پر مفسر قرآن مولوی محمد یوسف شاہ، میرواعظ محمد فاروق،اور موجودہ میرواعظ عمر فاروق کے ساتھ دینی اور ملی روابط تھے۔ادھر مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی مہتمم دارالعلوم شیری بارہمولہ نے مولانا حبیب الرحمٰن لدھیانوی کے گرانقدر علمی،دینی،اصلاحی ،سماجی بالخصوص تحفظ ختم نبوت کی گرانقدر خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا ۔مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی نے کہاکہ مولانا حبیب ملک کی وہ واحد، ہر دل عزیز،بین الاقوامی شخصیت تھی جنہوں نے ایسی سینکڑوں مساجد کو آزاد اور آباد کرایاجوغیروں کے قبضے میں تھیں۔
گاندربل کے متعدد علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت
گاندربل/ارشاداحمد/ پانی کے معاملے میں مالا مال گاندربل ضلع میں پینے کے پانی کی شدیدقلت کے باعث لوگوں کوسخت مشکلات کاسامنا ہے۔گاندربل قصبے سے ملحقہ علاقوں جن میں گنگرہامہ، دودھرہامہ، وانی پورہ،سالورہ ،ریشی پورہ ،بمبلورہ،سمیت دیگر دیہات میں پچھلے ایک ہفتہ سے پانی کی شدید قلت پیدا ہونے سے ہا ہا ہا کار مچی ہوئی ہے۔وانی پورہ کے وانی ماجد نامی شہری نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ پچھلے ایک ہفتے سے گاندربل قصبہ سے ملحقہ علاقوں میں پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہونے سے لوگوں کوکافی مشکلات درپیش ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ محکمہ جل شکتی کی اس جانب توجہ مبذول کروائی گئی تھی لیکن محکمہ نے ان کی شکایت کو مسترد کردیا۔
ڈیجیٹل ادائیگیوں کا فروغ
۔13ستمبر کو ایس کے آئی سی سی میںورکشاپ
سرینگر// جموں کشمیر انتظامیہ نے مرکزی زیر انتظام خطے میںڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے اور فعال بنانے کیلئے13ستمبر کو ایس کے آئی سی سی سرینگر میںیک روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا ہے جس میں پولیس و سیول انتظامیہ کے اعلیٰ افسراں کودعوت دی گئی ہے۔محکمہ خزانہ کی جانب سے منعقد ہونے والے یک روزہ ورکشاپ میںجموں و کشمیر میں ڈیجیٹل انڈیا مشن کے تحت ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے اور فعال کرنے کا مقصد ہے۔جھیل ڈل کے کنارے پر واقع ایس کے آئی سی سی میںورکشاپ کا انعقاد وکاس سیروہی ، نوڈل آفیسر، این پی سی ایل کرینگے جبکہ محکمہ خزانہ کے مالیاتی کمشنر(ایڈیشنل چیف سیکریٹری) اتل ڈھلو بھی ورکشاپ میں شرکت کریں گے۔ اس دوران تمام بیوروکریٹوں کو یک روزہ ورکشاپ میں شرکت کرنے کی دعوت دی گئی ہے،جن میں سرینگر اور جموں میونسپل کارپوریشنوں کے کمشنر،ڈائریکٹر لوکل باڈیز ، کشمیر اور انکے جموں کے ہم منصب،انسپکٹر جنرل ٹریفک جموں و کشمیر،جموں اور کشمیر صوبوں کے صوبائی کمشنر،لیبر کمشنر ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر اور جموں،ڈائریکٹر کالجز ، ڈائریکٹر سیاحت کشمیر اور انکے جموں کے ہم منصب،جموں اور کشمیر صوبوں کے ڈائریکٹر محکمہ شہری رسدات،امور صارفین و عوامی تقسیم کاری، جموں کشمیر ٹورسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر، منیجنگ ڈائریکٹر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن، کشمیر پائور ڈیولپمنٹ کارپوریشن،جموں پائور ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور جے کے پی ٹی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹراں، جموں اور کشمیر کے ناظم زراعت اوردونوں صوبوں کے ڈائریکٹر باغبانی شامل ہیں۔
حضرت باباداود خاکیؒکا علمی ذخیرہ روشن مینار
یوم وصال پر مولانااخضر کا خراج عقیدت
سرینگر// انجمن علمائے احناف کے سربراہ مولانا اخضر حسین نے شیخ الاسلام علامہ بابا داور خاکیؒ کے یوم وصال کے موقعہ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ علامہ بابا داود خاکیؒ علوم ظاہری و باطنی کے عظیم منبع تھے۔انہوں نے کہا کہ علامہ بابا داود خاکی ؒجو عظیم منصب پر فائز تھے حضرت محبوب العالم ؒکی دست پر بیعت کر کے تمام تر دنیاوی آسائشوں کو ترک کیااوریہی وجہ ہے کہ آپ ؒتمام خلفا میں محبوب ،مکرم اور معظم تھے۔ مولانااخضر حسین نے کہا کہ بابا دائود خاکی ؒ نے تمام عمر شریف میں ریاضات ،عبادات شریعت کے احکام کی ترویج ،طریقت کے قواعد کے احکام اور بدعت و اہل ضلالت کا قلع قمع کر نے کے امور انجام دیئے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت بابا دائود خاکی ؒکے علمی،روحانی اور عرفانی کمالات کا یہ عالم تھا کہ آپ ؒامام اعظم کے عظیم لقب سے مقلب ہو ئے اور3 صفر المظفر 994 ہجری کو سفر ملتان سے واپسی پر وصال فرمایا۔مولانا اخضر نے وادی گلپوش کے عارف باللہ کو خراج عقیدت کو ادا کر تے ہوئے کہا کہ علامہ ؒکے علمی ذخیرہ ہر دور میں ایک روشن مینار کی حیثیت رکھتاہے جسے ہم مشعل راہ بنا کر اپنی دنیوی اوراخروی زندگی سنوار سکتے ہیں۔
پارمپورہ پولیس کا قِمار بازوں کے اڈے پر چھاپہ
۔16جواری گرفتار ،6لاکھ روپے اور طلائی زیورات ضبط
سرینگر//پارمپورہ پولیس نے قِماربازوں کے اڈے پر چھاپہ مار کر16جواریوںکو گرفتار کرکے دائو پر لگے 6لاکھ روپے اور طلائی زیورات ضبط کئے۔ جے کے این ایس کے مطابق پولیس تھانہ پارمپورہ کی ایک ٹیم نے ایس ایچ او کی قیادت میں مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد جواریوںکے ایک اڈے پر چھاپہ مارا اور جوا کھیلنے میںمصروف 16جواریوںکوموقع پرہی گرفتار کرلیا۔ گرفتار کئے گئے جواریوں میں عاشق حسین،الطاف احمدو فردوس احمدساکنان سعدہ کدل،علی محمد ساکنہ گنڈ حسی بٹ ،محمدیونس ساکنہ حول،مدثر احمدساکنہ چھانہ پورہ ،سجاداحمدوتنویراحمد ساکنان شوپیان ،بشیراحمدساکنہ ڈلگیٹ ، محمدرمضان ساکنہ پلوامہ ،فاروق احمدساکنہ بہوری کدل ،پرویز احمد و محمد شعیب ساکنان بمنہ ،غلام احمدساکنہ فتح کدل ،آصف احمدساکنہ نوگام اور فیاض احمدساکنہ اکرم باغ شامل ہیں۔اس موقعہ پر پولیس نے دائو پرلگائے گئے 5 لاکھ76ہزار روپے اورچند سونے کے زیورات ضبط کئے۔ پولیس تھانہ میں ایف آئی آر زیر نمبر274/21درج کیاگیا۔
تریلوچن سنگھ وزیر کی پراسرا ر موت
سی بی آ ئی کے ذریعے تحقیقا ت کی جائے: جگموہن رینہ
سرینگر// آل پارٹی سکھ کارڈنیشن کمیٹی کے چیئرمین جگموہن سنگھ رینہ نے سابق ایم ایل سی تریلوچن سنگھ وزیر کی دہلی میں پراسرا ر موت کی سی بی آ ئی کے ذریعے تحقیقا ت کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ جگموہن سنگھ رینہ نے کہا کہ ترلوچن سنگھ وزیر نے گزشتہ دو دہائیوں سے جموں و کشمیر کی ٹرانسپورٹ انڈسٹری میں جے اینڈ کے ٹرانسپورٹرز کمپنیز ایسوسی ایشن کے صدر کی حیثیت سے حصہ لیا۔ وہ ہمیشہ ٹرانسپورٹرز اور ٹرانسپورٹ انڈسٹری کے ساتھ کام کرنے والے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے فکرمند رہتے تھے۔زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے بہت سے لوگ اس سے قریبی وابستہ تھے ۔ جگموہن سنگھ رینہ نے آنجہانی کے جملہ سوگواران خصوصاً اہل خانہ کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
جمعیت انورالاسلام کے سربراہ کی دختر فوت
سرینگر// جمعیت انوارالاسلام کے سربراہ مولانا شیخ غلام محمد کی دختر نیک اختر مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ متعدد دینی، سماجی اور سیاسی شخصیات نے صدر جمعیت کے ساتھ اظہار تعزیت کیااورمرحومہ کی جنت نشینی کی دعا کی۔
سابق وزیر مشتاق احمد لون کی 19ویں برسی
نیشنل کانفرنس کا خراج عقیدت
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے پارٹی کے مخلص اور بے لوث سینئر لیڈر اور سابق وزیر مملکت برائے داخلہ امور مشتاق احمد لون کی 19ویں برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔انہوںنے اپنے پیغام میں کہا کہ مشتاق لون ایک ماہرِ قانون ، شریف النفس اور کم گو شخصیت کے مالک تھے اوراپنے فرائض اور عوامی خدمات ایمانداری سے انجام دیتے تھے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اورمعاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے مرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشتاق لون کے ناقابل فراموش اور قابل ستائش سیاسی اور سماجی خدمات ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران عبدالرحیم راتھر، محمد شفیع اوڑی ، شریف الدین شارق ، مبارک گل، چودھری محمد رمضان، محمد اکبرلون، میاں الطاف احمد، جاوید احمد ڈار ، میر سیف اللہ ، کفیل الرحمان ، عرفان احمد شاہ ، آغا سید روح اللہ ،تنویر صادق اور عمران نبی ڈار نے بھی مرحوم کے ناقابل فراموش سیاسی ، سماجی اور ملی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ،کہ مرحوم ایک سچے مسلمان اور محب وطن تھے۔مشتاق احمد لون کی برسی کے سلسلے میںآج یعنی 11ستمبر کو مرحوم کے مقبرہ واقع سوگام لولاب میں تقریب منعقد ہورہی ہے جس میں صبح صادق ہی قرآن خوانی کے بعد اجتماعی فاتحہ خوانی اور گلباری کی جائیگی۔
سکمز میں منتخب فہرست کو منظر عام پر لانے کی مانگ
پریس کالونی میں امیدواروںکااحتجاج
سرینگر/بلال فرقانی/ وادی کے سب سے بڑے اسپتال صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں مختلف شعبو ں میں بھرتی کیلئے امتحان میں شامل ہونے والے امیدواروں نے سلیکشن لسٹ کو منظر عام پر لانے کے مطالبے کو لیکر پریس کالونی سرینگر میں زور دار احتجاج کیا۔ جمعہ کو بعد دوپہر پریس کالونی سرینگر میں اس وقت ’’ہماری مانگیں پوری کروں ، سلیکشن لسٹ آوٹ کروں ‘‘ کے نعرہ بلند ہوئے جب درجنوں امیدواروں نے احتجاج کیا۔ اس موقعہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ گزشتہ سال صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ کی جانب سے مختلف اسامیوں کی بھرتی کیلئے درخواستیں طلب کیں جس کے بعد امیدواروں نے اس بھرتی عمل کیلئے درخواستیں دی اور اس کا باضاطہ طور پر امتحان بھی دیا۔ احتجاجی امیدواروں کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال نومبر میں امتحان میں شامل ہونے کے بعد آج تک اس کا سلیکشن لسٹ منظر عام پر نہیںلایا گیا جس کے نتیجے میں ان کا قیمتی سال ضائع ہو گیا ہے۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ کئی ماہ سے لسٹ کو منظرعام پر لانے کے لئے منتظر ہے تاہم انتظامیہ کے دروازوں پر دستک دینے کے باوجود بھی ان کی کسی نے نہیںسنی اور نہ ہی آج تک لسٹ کو منظر عام پر لایا گیا۔ احتجاجی امیدواروں کا کہنا تھا کہ لسٹ کے انتظار میں ان کا ایک سال اب ضائع ہو گیا ہے اور انہوںنے مطالبہ کیا کہ سلیکشن لسٹ جلد از جلد منظر عام پر لایا جائے۔ انہوں نے اس معاملے میں لیفٹنٹ گورنر سے بھی مداخلت کی اپیل کی ہے۔
دیرو شوپیاںمیں طبی مرکز عوام کے نام وقف
شوپیان//عوامی رابطہ مہم کے تحت ضلع ترقیاتی کونسل وائس چیئرمین شوپیان اور اپنی پارٹی یوتھ ونگ جنرل سیکریٹری عرفان منہاس نے ضلع شوپیان کی تحصیل کیگام کے گاؤں دیرو کا یک روزہ تفصیلی دورہ کیا۔ ضلع انتظامیہ کے افسران اور پارٹی عہدیداران اُن کے ہمراہ تھے۔دیرو پہنچنے پر منہاس نے کثیر تعداد میں مقامی لوگوں کی موجودگی میں ’’ہیلتھ اینڈ ویلنس سینٹر ‘‘کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہاکہ اِس صحت مرکز کو کھولنا لوگوں کی دیرینہ مانگ تھی کیونکہ تعمیر ہونے کے بعدبرسوں تک یہ غیر فعال رہا۔ اس موقعہ پر مقامی شخص نے بتایاکہ ’’ڈی ڈی سی وائس چیئرمین کے پچھلے دورے کے دوران ، ہم نے یہ معاملہ اُن کی نوٹس میں لایاتھا جن کی ذاتی کاؤشوں سے آج اِس کاافتتاح کیاگیا جہاں لوگوں کو طبی خدمات دستیاب ہوں گیں، ہم عرفان منہاس کے فوری کارروائی کے لئے شکر گذار ہیں‘‘۔ منہاس نے متعدد نوجوانوں سے بھی ملاقات کی جنہوں نے گاؤں میں کھیل کا میدان تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس پر ڈی ڈی سی وائس چیئرمین نے اپنے ہمراہ موجود محکمہ مال حکام کو ہدایت دی کہ وہ اِس مقصد کے لئے ترجیحی بنیادوں پر زمینی کی نشاندہی کریں تاکہ جلد کھیل کا میدان تعمیر کیاجاسکے۔
معروف ریڈیو براڈ کاسٹرمحمد امین شاہ اپنی پارٹی میں شامل
سرینگر//گاندربل ضلع سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن اور معروف ریڈیو براڈ کاسٹر محمد امین شاہ نے اپنی پارٹی مرکزی دفتر ایم ٹو چرچ لین سونہ وار سرینگر پر منعقدہ تقریب کے دوران پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے اِ ن کا خیر مقدم کرتے ہوئے پارٹی میں اُن کی شمولیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی ایک اہم سیاسی پلیٹ فارم ہے جس کے دروازے اُن سبھی افراد کے لئے کھلے ہیں، جولوگوں کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ جموں وکشمیر کی دیگر روایتی سیاسی جماعتوںکی طرح اِس میں کسی ایک خاندان کا غلبہ نہیں، اپنی پارٹی خاندانی سیاست سے پاک ہے اور ہمیشہ لوگوں کی مشکلات کواُجاگر کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ اس موقعہ پر امین شاہ نے کہاکہ انہوں نے اپنی پارٹی اِس کے عوامی فلاحی ایجنڈہ سے متاثر ہوکر شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے پارٹی کو مضبوط کرنے کے لئے اپنی طرف سے ہرممکن کام کرنے کا یقین دلایا۔اس موقعہ پر سینئرنائب صدر غلام حسن میر، پارٹی سینئرلیڈر محمد دلاور میر، نائب صدر عثمان مجید، جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر کے علاوہ متعدد لیڈر موجود تھے۔