بڈگام /ارشاد احمد/ سوئیہ بگ میں ایک المناک واقعہ میں8سالہ کمسن بچے کی تیندوے نے چیر پھاڑ کی۔3ماہ کے دوران بڈگام ضلع میں یہ دوسرا ور اور وادی میں تیسرا واقع ہے۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کوبتایا کہ سوئیہ بگ میں نماز مغرب کے فورا ًبعد8 سالہ اہران شوکت میر ولد شوکت احمد ساکن ہرن سوئیہ بگ گھر کے قریب موجود کھیت میں تھا کہ اچانک تیندوا نمودار ہوا اور کمسن بچے پر جھپٹ پڑا اور اسے جبڑے میںاٹھاکر بھاگ گیا۔اس موقع پر مقامی لوگوں نے تیندے کا پیچھا کیا جس کے ساتھ ہی پولیس بھی پہنچ گئی اور بچے کی تلاش شروع کی گئی۔ لوگوں کا شور سن کر تیندا بھاگ گیا لیکن تب تک کمسن بچے دم توڑ بیٹھا تھا۔ مقامی لوگوں نے کمسن بچے کو فوری طور پر نزدیکی طبی مرکز منتقل کیا ، جہاںڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔اس موقع پر مقامی آبادی نے محکمہ جنگلی حیات کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔ پچھلے تین ماہ کے دوران یہ بڈگام میں اس نوعیت کا دوسرا جبکہ وادی میں تیسرا واقعہ ہے جس میں تیندوے کے حملہ میں تین کمسن بچوں کی موت واقع ہوئی ۔ادھر وائلڈ لائف محکمہ نے جمعہ کی صبح آروہ بیروہ میں تیندوے کو زندہ پکڑکر داچھی گام پارک منتقل کیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں سے تیندوا بیروہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں گھوم رہا تھا جس سے مقامی آبادی میں دہشت تھی۔مقامی لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف کو مطلع کیا جنہوں نے تیندوے کو ایک باغ میں پکڑ لیا ۔ ریجنل وائلڈ لائف وارڑن کشمیر راشد نقاش نے اس سلسلے میں کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جیسے ہی انہیں آروہ بیروہ میں تیندوے کی موجودگی کی اطلاع ملی تو انہوں نے ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم کو علاقہ میں تعینات کردیا جس کے نتیجے میں جمعہ کی صبح اسے پکڑ لیا گیا۔