شوپیان//شوپیان ضلع میں کرشی وگیان کیندر نے آنگن واڑی کارکنوں اور کھیتوں میں کام کرنے والی خواتین کی صلاحیت سازی میں اضافے کیلئے ایک تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا تاکہ تغذیہ کے قومی اہداف کو حاصل کیا جاسکے۔ یہ پروگرام راشٹریہ پوشن ماہ کے ایک حصے کے طور پر منعقد کیا گیا جو پورے ملک میں ستمبر کے مہینے میں منایا جاتا ہے۔ کرشی وگیان کیندر شوپیان نے وزیر اعظم کے یوم پیدائش کے موقع پر آنگن واڑی کارکنوں میں پوشن کٹ تقسیم کئے۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان سچن کمار ،ڈائریکٹر زرعی یونیورسٹی ایکسٹینشن (کے) پروفیسر دل محمد مخدومی، چیف ہارٹیکلچرافسر شوپیان، چیف ایگریکلچر افسر شوپیان، انجارج کے وی کے افسر شوپیان کے علاہ آنگن واڑی ورکروںسمیت کامیاب کاشتکار موجود تھے۔ تربیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شوپیان سچن کمار اور ڈائریکٹر اسکاسٹ ایکسٹینشن دل محمد مخدومی نے بتایا کہ تمام بچیوںاور ماؤں کی تغذیہ بخش خوراک تک رسائی ہونی چاہئے اور خواتین اور بچوں کی فلاح وبہبود کی وزارت ، زراعت اور کسانوں کی فلاح وبہبود کی وزارت، آئی سی اے آر، آئی ایف ایف سی او اور دیگر تنظیمیں اس کام کے سلسلے میں مسلسل محنت کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زمانہ قدیم سے ہمارے ملک میں یہ روایت رہی ہے کہ لوگ اپنے گھروں میں سبزیاں بوتے ہیں لیکن بڑھتی ہوئی مادہ پرستی کے ساتھ ہمارے گھروں اور صحنوں میں پھل اور سبزیاں اگانے کی روایت کو فراموش کیا جارہا ہے۔ انہوں نے اس بات کی تعریف کی کہ خواتین اور بچوں کی فلاح وبہبود کی وزارت آنگن واڑی عملے میں تغذیہ بخش خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کی کوشش کررہی ہے۔اس دوران کے وی کے ہیڈ شوپیان نے شجر کاری اور غذائیت کی اہمیت پر زود دیا۔ ڈاکٹر شائق احمد گنائی نے انسانی صحت پر کچن گارڈن کی اہمیت پر بات کی۔