سابق قانون سازوں کے وفودملاقی
جموں//سابق قانون سازوں نے عوامی وفود کے ہمراہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے راج بھون میں عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کے اہم مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے ملاقات کی ۔ انہوں نے سرحد پار گولہ باری سے لوگوں کی جانوں کی حفاظت کیلئے انفرادی /کمیونٹی بارڈر بنکروں کی تعمیر سے متعلق اپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا ۔سردار چرنجیت سنگھ خالصہ کی قیادت میں سکھ برادری کے ایک وفد نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور سکھ ورثہ کے مقامات کا تحفظ اور بہتری ،سکھ برادری کے دیگر مسائل کے علاوہ جدید رہائشی بابا بندہ سنگھ بہادر میموریل پبلک سکول نوشہرہ کی تعمیر کے علاوہ دیگر مسائل اٹھائے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کو غور سے سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام حقیقی مسائل اور مطالبات کا جائیزہ لیا جائے تا کہ ان کی فلاح و بہبود کیلئے صحیح طریقے سے موثر اقدامات کئے جا سکیں ۔ ڈینٹل سرجن ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے بھی ملاقات کی۔ اس کے صدر ڈاکٹر راہول کول کی قیادت میں لفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی اور کئی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔
تارت پورہ ہندوارہ واقعہ
زخمی خاتون چل بسی، تعداد 2تک پہنچ گئی
کپوارہ // اشرف چراغ//تارت پورہ ہندوارہ میں بارودی شل دھماکہ میں زخمی ایک خاتون اسپتال مٰن دم توڑ بیٹھی۔اس واقعہ میں دو روز قبل16ستمبر کو فسٹ ائر کی 19سالہ طالبہ جاں بحق ہوئی تھی۔جنتی بیگم زوجہ عبدالرزاق وانی صدر اسپتال کے’ برن‘ وارڈ نمبر 17میں دو روز سے زیر علاج تھی لیکن سنیچر کی سہ پہر وہ دم توڑ بیٹھی۔اس طرح اس واقعہ میں دو خواتین لقمہ اجل بن گئی ہیں جبکہ 5اہل خانہ شدید طور پر زخمی ہیں، جن میں سے 3ابھی بھی صدر اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
جموں کشمیر میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے
سرینگر//جموں کشمیر میں سنیچرکی صبح زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 4.3ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز مظفر آباد پاکستان بتایا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ زلزلہ صبح 10بجکر 34منٹ پر آیا تاہم اس سے کسی بھی قسم کے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے جبکہ زلزلے کا مرکز مظفر آباد پاکستان ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اپنی پارٹی کے وفد کی مرکزی وزیر صحت سے ملاقات
طبی ڈھانچہ اور سہولیات بہتر بنانے پر زور
سرینگر//اپنی پارٹی کے ایک وفددنے ترجمان اعلیٰ جاوید حسن بیگ کی قیادت میں ہفتہ کے روز مرکزی وزیر صحت وخاندانی بہبود مناسکھ مندویہ سے ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں ملاقات کی۔ پارٹی ترجمان اعلیٰ کے علاوہ وفد میں پارٹی کے ضلع صدر بارہمولہ شعیب لون بھی شامل تھے۔ بیگ نے بتایا کہ اپنی پارٹی نے جموں وکشمیر خاصکر ضلع بارہمولہ میں طبی ڈھانچہ کی تجدید اور طبی سہولیات بہتر بنانے پرزور دیا۔انہوں نے کہا’’ہم نے وزیر صحت کو ضلع بارہمولہ کے اسپتالوں کی خستہ حالت، مطلوبہ سٹاف ممبران کی قلت کے بارے میںبتایا۔اُنہیں یہ بھی جانکاری دی کہ محدود وسائل اور پرانے طبی آلات کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔ موجودہ صورتحال کی وجہ سے مریضوں کو علاج ومعالجہ کے لئے سرینگر جانا پڑتاہے۔اس کے علاوہ پارٹی ممبران نے مرکزی وزارت صحت سے جامع صحت پیکیج کا مطالبہ کیا تاکہ بارہمولہ کے اسپتالوں خاص کر چندوسہ، شیری اور اوڑی کے اسپتالوں میں مطلوبہ طبی سہولیات وڈھانچہ قائم کیاجاسکے۔ تبادلہ خیال کے دوران وفد نے مرکزی وزیر صحت کو بتایاکہ سرمائی ایام کے پیش ِ نظر بچوں کے لئے فلوشاٹس کی ضرورت ہے۔بچوں کو ابھی کویڈ19ویکسین کے لئے انتظار کرنا پڑے گا لیکن طبی ماہرین نے سفارش کی ہے کہ اُنہیں موسمی فلوشاٹس دیاجانا چاہئے تاکہ اُن میں انفکیشن کے خطرے کو کم کیاجاسکے۔ وفد نے گذارش کی کہ ایسے فلو ویکسین جس کی قیمت مارکیٹ میں 1500کے قریب ہے ، ہر بچے کو مفت فراہم کی جانی چاہئے تاکہ لوگوں کو زیادہ مالی بوجھ برداشت نہ کرنا پڑے۔بیگ کے مطابق وزیر موصوف نے وفد کو بغور سنا اور یقین دلایاکہ اِ س ضمن میں ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔
ٹنگمرگ میں ریچھ کی موجودگی سے دہشت
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ//ٹنگمرگ کے دامن میں واقع فیروزپورہ میں علی الصبح اس وقت لوگ خوف زدہ ہوکر گھروں میں سہم گئے جب گائوں کے لوگوں نے قبرستان میں ریچھ کو دیکھا ۔اگرچہ مقامی لوگوں نے فوری طور محکمہ وائلڈلایف کو اطلاع دی تاہم محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم فیروزپورہ میں آتے ہی عملے کو اعلیٰ حکام کی جانب سے فوری طور بڈگام میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی جس پر فیروزپورہ کے لوگوں نے غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ پر غفلت برتنے کا الزام لگایا ۔ گائوں میں ریچھ کی موجودگی سے دن بھر لوگ خوف ودہشت کی وجہ سے گھروں میں محصور ہوکے رہ گئے۔فیروزپورہ کے لوگوں نے محکمہ وائلڈ لایف کو خبر دار کیا کہ اگر گائوں میں کوئی بھی جانی یا مالی نقصان ہوا تو اس کیلئے محکمہ براہ راست ذمہ دار ہوگا۔
سینئرپی ڈی پی کارکن ساتھیوں سمیت پیپلز کانفرنس میں شامل
سرینگر// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے سینئر لیڈر غلام محمد ریشی نے اپنے کارکنوں اور عہدیداروں کے ساتھ جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس (جے کے پی سی) میں شامل ہوئے۔پارٹی کے سینئر لیڈر عابد انصاری ، عباس وانی ، شیخ عمران ، مدثر کریم جنرل سیکرٹری یوتھ اور سلمان بخاری پارٹی کے یوتھ کوآرڈی نیٹر نے نئے آنے والوں کا استقبال کیا۔پارٹی رہنماؤں نے ریشی اور ان کے عہدیداروں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس میں تجربہ کار سیاسی رہنماؤں کا داخلہ ریاست کے سیاسی منظر نامے میں پارٹی کے وژن اور ایجنڈے کی قبولیت کی عکاسی کرتا ہے اور وہ دن دور نہیں جب پارٹی ایک قابل اعتماد ، مضبوط اور قابل عمل تنظیم کے طور پر ابھرے گی۔
بارہمولہ میں 7افرادہیروئن سمیت گرفتار
بارہمولہ//بارہمولہ پولیس نے منشیات مخالف مہم کے دوران2الگ الگ کارروائیوںکے دوران7افراد کوگرفتار کرکے اُن کی تحویل سے1270گرام ہیروئین جیسا مادہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ۔ پولیس نے ایک بیان میں بتایاکہ ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر بارہمولہ سیدسجاداحمد کی نگرانی میں ایس ایچ او بارہمولہ کی سربراہی میں ایک ٹیم نے نانک بھون بارہمولہ کے نزدیک ایک چھاپے کے دوران4افراد محمدسفیرجگوال ساکن بانڈی سرائے اوڑی ،عبدالرشیدبٹ ساکن سری پارہ رفیع آباد،محمدیوسف گوجری ساکن محلہ سعیدکریم بارہمولہ اوراعجاز احمد راتھر ساکن ماگرے پورہ وسن پٹن کوگرفتار کرکے اُنکی تحویل سے 970گرام ہیروئین جیسامادہ ضبط کرلیا ۔اس دوران ایس ایچ او بارہمولہ کی سربراہی میں پولیس کی ایک ٹیم نے محلہ دیوان باغ میں ایک چھاپے کے دوران تین افراد محمدعارف وانی ساکن درنگہ بل بارہمولہ حال پوشہ باغ فتح پورہ،عبدالطیف شاہ ساکن گرکوٹ اوڑی اورشاہدمجیدبٹ ساکن محلہ میرصاحب بارہمولہ کوگرفتار کرکے اُن کی تحویل سے 300گرام ہیروئین جیسا مادہ برآمد کرلیا۔ایس ایس پی بارہمولہ رئیس محمدبٹ نے پولیس کارروائیوںکی سراہنا کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ نوجوان نسل کی زندگیوں اورمستقبل سے کھلواڑکرنے والے منشیات فروشوں کاقلع قمع کرنے میں تعاون جاری رکھیں ۔