پلوامہ//وزیراعظم جموں کشمیرکی کلہم ترقی کے خواہاں ہیں اور وہ جموں کشمیر کے نوجوانوں کے ہنروں اور صلاحیتوں میں نکھار لانے کیلئے پرعزم ہیں۔اس بات کااظہارمرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اَمور نشیت پامانک نے پلوامہ میں یوتھ کنکلیو کا اِفتتاح کرنے کے دوران کیا، جس میں ہزاروں نوجوانوں نے حصہ لیا۔اِس موقعہ پر مختلف شعبوں کے مقررین اور ماہرین بشمول اَنٹرپرینیور شپ ، فوڈ پروسسنگ ، سیاحت ، سولر ٹیکنالوجی ، ملبوسات اور گھریلو فرنیچر وغیرہ نے اَپنے تجربات شیئر کئے ۔وزیر موصوف نے پلوامہ کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور پلوامہ کی ترقی میں شامل ہوں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹ میں دستیاب مواقع سے متعلقہ ہنر کا حصول وقت کی ضرورت ہے ۔اُنہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ ہنر کو فروغ دینا زندگی اور معاشرے کی قدر بڑھانے کے مترادف ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا جموں وکشمیر کے بارے میںنظریہ ہے کہ جموں وکشمیرترقی کی راہ پر گامز ن ہو اور ان کے نظرئیے کو حقیقت میں بدلنے کے لئے جامع اِقدامات کئے جارہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ سکل ڈیولپمنٹ پہل نہ صرف جموںوکشمیر کے نوجوانوں کو فائدہ پہنچائے گا بلکہ یوٹی اِنتظامیہ کو کشمیر میں بے روزگاری کی صورتحال کو سمجھنے میں بھی مدددے گی تاکہ نوجوانوں کی تجاویز کی بنیاد پر ضروری اِقدامات کئے جائیں ۔اُنہوں نے بنیادی شعبوں بشمول زراعت ، باغبانی ، پھول بانی ، ڈیری ،ہینڈلوم ، دستکاری وغیرہ میں اعلیٰ قیمت والی مصنوعات کی تجارت پر زور دیا جو کہ پلوامہ کے نوجوانوں کے لئے منافع بخش روزگار ثابت ہوگا۔اِس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پلوامہ کے نوجوان پیشہ ور اور با صلاحیت ہیں ۔وزیر موصوف نے ان پر زور دیا کہ وہ مواقع سے فائدہ اُٹھانے کے لئے سخت محنت کریں ۔ اُنہوں نے کہا کہ مرکز ی حکومت اور یوٹی اِنتظامیہ دونوں ان کی کوششوں میں ان کا ساتھ دیں گے۔ سی اِی او مشن یوتھ نے شرکأ کو ہنر مندی کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ اس کا بنیادی مقصد طلباء کو مختلف قسم کی ہنروں سے روشنا س کرانا ہے۔