ٹنگمرگ//حیدر بیگ پٹن سے کھئی پورہ ٹنگمرگ تک 14کلو میٹر رابط سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہونے سے ٹرانسپورٹروں نے اب سروس بند کی ہے۔سڑک کی خستہ حالی کے نتیجے میں اس سڑک پر مسافروں کا سفر کرنا دشوار بن گیا ہے اور ہر دس فٹ کے بعد ایک کھڈ کی موجودگی سے معمولی بارشوں میں یہ سڑک جھیل کا منظر پیش کرتی ہے۔وانی گام ،تلہ گام، کھرگام، چندر سیر اور کھئی پورہ سڑک پر چلنی والی سومو اور میٹا ڈار سروس بند ہونے سے اس روٹ پر روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کو14کلو میٹر پیدل طے کرنے پڑتے ہیںجس کی وجہ سے مسافروں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے۔ ٹرانسپورٹروں کا کہنا ہے کہ اس روٹ پر سروس جارہی رکھنے سے انہیں روزانہ کسی نہ کسی نقصان سے دوچار ہونا پڑتا ہے ۔کھئی پورہ کے سماجی کارکن عاقب مشتاق خان نے حیدر بیگ سے کھئی پورہ رابط سڑک کی مرمت اورمیکڈم نہ بچھانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک وسیع علاقے کو بہتر سڑک رابطے سے محروم رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بارہمولہ سے سڑک کی فوری مرمت کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔