سرینگر// حبہ کدل سرینگرکے لوگوں نے محکمہ بجلی کے متعلقہ عملے پر اہلیان بستی کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ اگر یہ رویہ ترک نہیں کیا گیا تو وہ احتجاجی راستہ اختیارکرنے کیلئے مجبور ہوجائیں گے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ2ماہ سے حبہ کدل کے چندہ پورہ اور کرالہ کھڈ علاقے کے بجلی صارفین کا محکمہ بجلی اور انکے اہلکاروں نے جینا دو بھر کردیا ہے۔شیخ دائود محلہ بہبود کمیٹی چندہ پورہ،کرالہ کھڈ،نئی سڑک کے ذمہ داروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جہاں گزشتہ دو برسوں سے لوگوں کے مالی حالات کا سب کو علم ہے،محکمہ بجلی کے اہلکاروں نے نصب شدہ میٹروں کو از خود کنکشن دینے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں کئی برس قبل اگرچہ میٹر نصب کئے گئے تھے،تاہم ابھی تک انہیں بجلی سپلائی کے ساتھ نہیں جوڑا تھا اور اب محکمہ نے کووڈ کے بیچ یہ کارروائی شروع کی ہے۔ کمیٹی کے ایک وفد نے بتایا کہ جب لوگوں نے اس پر اعتراض کیا تو محکمہ کے متعلقہ افسر نے شہریوں اور صارفین سے بدلہ لینے کیلئے اضافی بجلی بلوں کی اجرائی کی،جو بلا جوا ز عمل ہے۔ وفد نے بتایا کہ جب یہ شکایت متعلقہ محکمہ کے افسراں سے کی گئی تو انہوں نے شہریوں پر ہی میٹروں سے چھیڑ چھار کا الزام عائد کیااوردھمکی دی کہ جب تک صارفین میٹروں کے معاملے میں اہل علاقہ رکاوٹیں کھڑی کرنے کا سلسلہ بند نہیں کرتا،تب تک اضافی بلوں کی اجرائی جاری رہے گی۔ مقامی بہبود کمیٹی نے بتایا کہ گزشتہ2برسوں کے لاک ڈائون کے نتیجے میں پہلی ہی لوگ سخت مالی دشواریوں کا سامنا کر رہے ہیں،اور انتظامیہ سے یہ بات بھی چھپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے میٹروں کو کنشکشن دینے کا وقت ٹھیک نہیں ہے۔ وفد نے کہا کہ اگر یہ سلسلہ بند نہیں کیا گیا تو علاقہ کے مردو زن سڑکوں پر متعلقہ محکمہ کے خلاف احتجاجی لہر چھیڑ دیں گے۔