سرینگر//عوام تک رسائی کے پروگرام کے تحت مرکزی وزیربرائے خواتین وبہبودی اطفال سمرتی ایرانی ،جوجموں کشمیرکے دوروزہ دورے پر ہیں،نے یہاں پولیس کے سینئرحکام اور خواتین افسروں سے تبادلہ خیال کیا۔پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے مرکزی وزیر سے پولیس افسروں کا تعارف کرایا۔ اس تبادلہ خیال میں پولیس سربراہ کے علاوہ لیفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکریٹری نتیشورکمار،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم کے سنہا،دنیش رانا،آلوک کمار،وسطی کشمیرکے ڈی آئی جی امیت کمار،ڈپٹی کمشنر بڈگام شہبازاحمدمرزا،ایس ایس پی سرینگر ،ایس ایس پی بڈگام،اورخواتین گزیٹیڈ پولیس افسراں شامل تھیں۔اس دوران مرکزی وزیربرائے خواتین وبہبودی اطفال سمرتی ایرانی نے مشکل حالات کے باوجود امن وقانون کو برقراررکھنے کیلئے جموں کشمیر پولیس کے رول کوسراہا۔انہوں نے کووِڈ- 19کے دوران عوام کی مدد کرنے کے لئے پولیس کے کردار کی بھی تعریفیں کیں۔انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں برابری کے حقوق دینے کیلئے اہم مقامات پر ان کی موجودگی میں اضافہ کرنے کی حکام کو ہدایت دی۔پولیس سربراہ نے مرکزی وزیرکاپولیس حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کیلئے وقت نکالنے کیلئے شکریہ اداکیا۔انہوں نے انہیں پولیس محکمہ میں خواتین اور بچوں کی بہبودی کیلئے اسکیموں اوراقدامات سے باخبر کیا۔انہوں نے وزیر موصوفہ کو خواتین کے خلاف جرائم کو کم کرنے کیلئے پولیس کی کاررائیوں کی بھی جانکاری دی۔