ترال// ترال کے کچھمولہ نامی علاقہ کی اندرونی رابطہ سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہوئی ہے جس پر مقامی لوگوں نے اتوار کومحکمہ آر اینڈ بی کے خلاف احتجاج کیا ۔احتجاج میں شامل لوگوں نے بتایا کہ بٹہ گنڈ پانزو سڑک جو کچھمولہ سے گزرتی ہے کھنڈرات میں تبدیل ہوئی ہے۔لوگوں نے بتایا کہ جگہ جگہ سڑک پرکھڈ بن چکے ہیں جن میں پانی جمع ہوا ہے اور پوری سڑک ایک نالے کی شکل اختیار کر گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 2006ء میں محکمہ آر اینڈ بھی کوایک درخواست دی گئی تھی کہ یہ سڑک خستہ حال ہے جس کے بعد محکمہ نے عارضی طور پر اس سڑک کی مرمت کی تھی تاہم تب سے لوگ سڑک کی مرمت کے منتظر ہیں ۔انہوں نے محکمہ پر الزام لگایا کہ انہوں نے اس بستی کو مکمل طور نظر انداز کیا ہے ۔احتجاجی لوگوں نے محکمہ اورانتظامیہ سے فوری طور مداخلت کی اپیل کی ہے ۔