سرینگر // جموں کشمیر انتظامیہ کی طرف سے سبھی سرکاری محکموں میں عام ملازمین اور افسران کی ایک ہی جگہ 5سال تک تعیناتی کی رپورٹ 2روز کے اندر اندر طلب کرلی ہے۔اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے انتظامیہ کو بھیجی گئی رپورٹ پر عمل کرتے ہوئے ، جموں و کشمیر انتظامیہ نے یہ5روز قبل انتظامی سکریٹریوں کو ان افسران کو فوری طور تبدیل کرنے کی ہدایت دی ہے جن کا 5 سال سے زیادہ قیام ہوگا۔ کئی محکموں میں ٹرانسفر پالیسی کی خلاف ورزیاں ہوئی ہیں۔ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اے سی بی کی ایک رپورٹ میں تبادلوں اور تقرریوں کے اصولوں کی خلاف ورزی کا معاملہ سامن لایا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کچھ ایسے عہدیدار ہیں جو کئی سالوں تک ایک ساتھ پوسٹنگ کی مخصوص جگہ پر رہ کر ٹرانسفر پالیسی کی خلاف ورزی کرتے رہے ہیں۔اس کے بارے میں جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ مجاز اتھارٹی نے اے سی بی کی مذکورہ رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے مشاہدہ کیا کہ ٹرانسفر پالیسی میں مدت سے زیادہ رہنے کی اجازت غیر معمولی حالات میں ہونی چاہیے۔ نیز تمام انتظامی سکریٹریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان ملازمین کی فہرست بنائیں جو کسی خاص عہدے پر طویل عرصے تک ٹھہرے ہوئے ہیں۔جی اے ڈی ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جموں کشمیر انتظامیہ اکتوبر کے وسط تک ایسے سبھی سرکاری ملازمین و افسران کے تبادلے کرانے کی مشق شروع کررہی ہے جو اکتوبر کے آخری ہفتے میں مکمل ہوگی۔معلوم ہوا ہے کہ جی اے ڈی کی جانب سے احکامات صادر ہونے کے فوراً بعد انتظامی سیکریڑیوں نے اپنے ماتحت محکموں کے منتظمین سے ان احکامات پر عملدر آمد کرنے کی ہدایات دیں اور سبھی سرکاری محکموں میں ان ملازمین کی فہرستیں مرتب کی جارہی ہیں۔جموں کشمیر کے سبھی سرکاری محکموں میں وسیع پیمانے پر سرکاری آرڈر پر عملدر آمد کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔اس ضمن میں جمعرات کو محکمہ صحت کیساتھ منسلک دیگر 9ذیلی محکموں کو ہدایات دی گئیں کہ وہ 2دن کے اندر اندر ملازمین و افسران کی فہرستیں مرتب کریں۔محکمہ صحت و طبی تعلیم نے ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن، ڈائریکٹر جنرل فیملی ویلفیئر، پرنسپل گورنمنٹ ڈینٹل کالج سرینگر /جموں، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر/جموں،ڈائریکٹر آیوش جے کے، کمشنر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن، پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر/جموں / اننت ناگ/بارہمولہ/راجوری/کٹھوعہ/ڈوڈہ ، پروجیکٹ ڈائریکٹر ایڈس کنٹرول سوسائٹی اور منیجنگ ڈائریکٹر میڈیکل سپلائی کارپوریشن کو ہدایت دی ہے کہ وہ مذکورہ محکمہ جات میں 5 سال سے تعینات تمام ملازمین و افسران کی فہرست دو ونوں کے اندر اندر لازمی جمع کریں تاکہ فہرست کو متعلقہ افسران تک پہنچایا جا سکے۔ سرکاری حکم نامہ میں مزید لکھا گیا ہے کہ مذکورہ محکمہ جات کو ہدایت دی جاتی ہے کہ جنرل ایڈمنسٹریشن کے ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
جموں و سرینگر سیکریٹریٹ
بغیر ٹیکہ کاری افراد کا داخلہ بند
بلال فرقانی
سرینگر // جموں کشمیر انتظامیہ نے سیول سیکریٹریٹ میں کام کررہے سبھی سرکاری محکموں کو ہدایات دی ہیں کہ وہ دفتری اوقات میں ٹیکہ کاری اور ماسک کے بغیر عوامی داخلہ پر پابندی عائد کرے۔ان ہدایات کا اطلاق سرینگر اور جموں سیکریٹریٹ میں بیک وقت ہوگا۔لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ نے اس بات کی تاکید کی ہے کہ سرکاری دفاتر میں صرف ان لوگوں کا داخلہ ممکن بنایا جائے جنہوں نے ٹیکہ کاری کے دونوں ڈورز مکمل کئے ہوں اور جو ماسک کا استعمال کریں۔ بغیر ماسک سیکریٹریٹ میں داخل ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے اور سیکریٹریٹ دفاتر میں بغیر ٹیکہ کاری افراد کا داخلہ بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔یاد رہے اس سے قبل جموں کشمیر انتظامیہ نے ان سبھی ملازمین کی ستمبر کی تنخواہ روکنے کے احکامات دیئے ہیں جنہوں نے ویکسین کے دونوں ڈورز نہیں لئے ہوں۔
۔4افسران کے تبادلے
بلال فرقانی
سرینگر// انتظامیہ نے محکمہ خزانہ میںتبادلے اور تقرریاں عمل میں لائیں جبکہ کئی افسراں کو اضافی چارج بھی تفویض کئے گئے ہیں۔ محکمہ خزانہ کے مالیاتی کمشنر(ایڈیشنل چیف سیکریٹری) اتل ڈلو کی جانب سے جمعرات کو جاری حکم نامہ میں ڈائریکٹر جنرل صحت و طبی تعلیم، ستویر کور سودن ،جن کے پاس ڈائریکٹر جنرلِ پی ایم اینڈ سی کا اضافی چارج بھی تھا، کو تبدیل کرکے ڈائریکٹر جنرل اکنامکس اینڈ سٹیٹسٹکس تعینات کیا گیا ہے،اور انکا چارج یکم اکتوبر کو موجودہ ڈائریکٹر جنرل اکنامکس اینڈ سٹیٹکس انیل کمار گندوترا سبکدوش ہونے کے بعد سنبھالیں گے۔ حکم نامہ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل منصوبہ بندی، ترقی و نظارت ایس بلال احمد کو ڈائریکٹر جنرل پروجیکٹ مانیٹرنگ اینڈ کنکرنٹ ایوالویشن ڈویژن کا اضافی چارج تفویض کیا گیا ہے۔ انچارج جوائنٹ ڈائریکٹر و چیف پلاننگ افسر ادھمپور راجیو بھوشن کو تبدیل کرکے جوائنٹ ڈائریکٹر صحت و طبی تعلیم کے عہدے پر فائض کیا گیا ہے۔آرڈر میں مزید کہا گیا ہے کہ انچارج ڈپٹی ڈائریکٹر، ڈائریکٹوریٹ آف اکنامکس اینڈ سٹیٹکس کو تبدیل کرکے چیف پلاننگ افسر ادھمپور تعینات کیا گیا ہے۔