سرینگر// جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا آج یعنی2اکتوبر کو مہاتما گاندھی کی یوم پیدائش پر سیول سیکریٹریٹ سرینگر میں جموں کشمیر کے تمام انتظامی سیکریٹریوں،صوبائی کمشنروں،ضلع ترقیاتی کمشنروں اور سنیئر افسراں کے صفائی(سوچھتا) عہد کی نگرانی کریں گے۔ سرکار کی جانب سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ یہ سوچھتا(صفائی) کے عہد کی کاپیاں افسراں کو تینوں زبانوں اردو،انگریزی اور ہندی میں فراہم کی جائیں گی۔ اس حوالے سے ہفتہ کو صبح10بجے سرینگر سیکریٹریٹ کی چوتھی منزل پر واقع میٹنگ ہال میں تقریب منعقد کیجائے گی،اور ان افسران کو مقررہ جگہ اور وقت پر حاضر رہنے کیلئے پیشگی میں ہی مطلع کیا گیا ہے۔ محکمہ عمومی انتظامی کے ایڈیشنل سیکریٹری روہت شرما کا کہنا ہے کہ سرینگر کے باہر دیگر مقامات پر موجودہ افسران اس تقریب میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کرینگے۔ صفائی کے بارے میں اس عہد نامہ میں کہا گیا ہے’’ مہاتما گاندھی نے ایک ایسے ہندوستان کا خواب دیکھا جو نہ صرف آزاد تھا بلکہ صاف اور ترقی یافتہ بھی تھا ، انہوں نے بھارت ماں کے لیے آزادی حاصل کی اوراب یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ملک کو صاف و شفاف رکھ کر بھارت ماں کی خدمت کریں‘‘۔اس عہد نامہ میں مزید کہا گیا ہے’’میں یہ عہد کرتا ہوں کہ صفائی کے لیے پرعزم رہوں گا،اور اس کے لیے وقت صرف کروں گا جبکہ ہر سال 100 گھنٹے ، یعنی ہفتے میں دو گھنٹے وقف کروں گا۔‘‘ تمام انتظامی سیکریٹریوں،صوبائی کمشنروں،ضلع ترقیاتی کمشنروں اور سنیئر افسران کو اس بات کا بھی عہد کرنا ہوگا کہ وہ نہ کوڑا کرکٹ ڈالیں گے ا ور نہ ہی دوسروں کو کوڑا پھینکنے دیں گے ، وہ اپنے خاندانوں سے صفائی کی شرعات کرینگے اور اپنے علاقہ ، گاؤں اور کام کی جگہ کو صاف رکھیں گے۔ انہیں اس بات کا بھی عزم کرنا ہوگا کہ دنیا کے وہ ممالک جو صاف دکھائی دیتے ہیں ان کے شہری گندگی میں ملوث نہیں ہوتے اور نہ ہی وہ اس کی اجازت دیتے ہیں۔