سرینگر//نیشنل کانفرنس پارٹی ہیڈکوارٹر پر دو الگ الگ تقریبات پر سیاسی اور سماجی کارکنوں کے علاوہ کئی نوجوانوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔موصولہ بیان کے مطابق سونہ وار سے تعلق رکھنے والے عبدالرئوف بٹ اور محمد اقبال بٹ کے علاوہ دیگر نوجوانوں نے پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی کے سامنے پارٹی میں شمولیت اختیار کی جبکہ خواتین ونگ کی ایک تقریب میں کرناہ سے تعلق رکھنے والی رابیہ قیوم، عرفینہ منیر، شبنم رئیس، اسماء اشرف، تبسم جبین اور سلمہ نے خواتین ونگ صدر شمیمہ فردوس اور صوبائی صدر انجینئر صبیہ قادری کے سامنے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر پارٹی میں شمولیت اختیا رکرنے والوں کا خیر مقدم کیا گیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ پارٹی لیڈران نے امید ظاہر کی کہ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے افراد لوگوں کی خدمت کے ساتھ ساتھ نیشنل کانفرنس کی مضبوطی کیلئے بھی کام کریں گے۔دریں اثناء نیشنل کانفرنس تنظیمی الیکشن کے سلسلے میں ضلع بارہمولہ کے حلقہ انتخاب سوپور کے 3بلاکوں کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ الیکشن انچارج کشمیر غلام نبی بٹ کی نگرانی میں منعقدہ انتخابات میں بلاک زینہ گیر کیلئے محمد اکبر گنائی، بلاک سوپور کیلئے غلام حسن گوجری اور بلاک تجر شریف کیلئے محمد حمزہ کو بلاک صدر منتخب کیا گیا۔ پارٹی لیڈران جگدیش سنگھ آزاد اور ڈاکٹر سعید نے الیکشن مبصرین کے فرائض انجام دیئے جبکہ اس موقعے پر شمالی زون صدر جاوید احمد ڈار، ضلع صدر بارہمولہ ڈاکٹر سجاد شفیع اوڑی، ضلع سکریٹری غلام حسن راہی، سینئر لیڈران محمد یعقوب وانی اور ارشاد رسول کار بھی موجود تھے۔ شمالی زون صدر جاوید احمد ڈار نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کو نہ صرف اس وقت زبردست سیاسی چیلنجوں کا سامنا ہے بلکہ انتظامی خلفشار اور انتشار بھی لوگوں پر بھاری پڑ رہا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ افسر شاہی میں عوام کا کوئی پُرسان حال نہیںاور موجودہ انتظامیہ ہر سطح پر ناکام ہوچکی ہے۔ جاوید ڈار نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے مسائل و مشکلات کو ہرسطح پر اُجاگر کریں۔