سرینگر// بھارتی فوج نے جے پور میں قائم این جی او بھگوان مہاویر وکلانگ ساہیتا سمیتی (بی ایم وی ایس ایس) کے تعاون سے خصوصی طور پر جسمانی طور خاص افراد کیلئے تین روزہ مصنوعی اعضاء کی تقسیم اور امدادی کیمپ کا اہتمام کیا۔ کیمپ حیدر بیگ میں قائم راشٹریہ رائفلز ہیڈ کوارٹر میں منعقد کیا گیا۔جمعرات کو کیمپ کا دوسرا دن تھا اور 480 سے زائد لوگوں نے اس سے فائدہ اٹھایا۔ مستحقین کو 300 وہیل چیئرز ، 80 سماعت ایڈز اور 85 مختلف قسم کی بیساکھیاں فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر ایک ٹیم بھی اپنی خدمات فراہم کرنے کیلئے موجود تھی اور امپیٹس کا جائزہ لینے کے بعد 18 مستحقین کو مصنوعی اعضاء لگائے گئے۔جنرل آفیسر کمانڈنگ ، کلو فورس نے کیمپ کے مستحقین سے بات چیت کی۔ انہوں نے جے پور میں مقیم این جی او (بی ایم وی ایس ایس) کی شمالی کشمیر کے لوگوں تک پہنچنے کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے ہندوستانی فوج کی طرف سے اس طرح کے احسان مندانہ اور انسانی اقدامات کیلئے مسلسل مدد کی یقین دہانی کرائی جو خاص طور پر معذور افراد کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں مدد دے رہی ہے۔یہ پہلا موقع تھا کہ شمالی کشمیر میں اتنے بڑے پیمانے پر خاص طور پر معذور افراد کے لیے کیمپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ کشمیر کے خاص طور پر معذور لوگوں کو مدد فراہم کرنے کے لیے اسی طرح کے مزید کیمپ آنے والے دنوں میں اونتی پورہ ،اوڑی ، بڈگام اور کپواڑہ میں بھی لگائے جائیں گے۔