سرینگر//سرینگر کے ہارون علاقے میں درجنوں آوارہ کتوں کی ہڑبونگ سے مقامی آبادی گھروں میں محصور ہوکر رہ گئی ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ہارون، بارجی، درباغ،چندہ پورہ،شالیمار اورارہ بل سمیت دیگر علاقوں میں ہر گلی، نکڑ اور اندرونی رابطہ سڑکوں پر آوارہ کتے منڈلاتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے مقامی آبادی خصوصاً بزرگ، خواتین اور بچے گھروں سے باہر نکلنے میں خوف محسوس کرتے ہیں۔بارجی کے ایک شہری وسیم احمد نے بتایا کہ ہارون اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ہر سڑک پر درجنوں آوارہ کتے جگہ جگہ دکھائی دیتے ہیں جو اکثر اوقات شہریوں پر حملہ آور ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کئی مرتبہ سرینگر میونسپل کارپوریشن سے اپیل کی گئی کہ انہیں اس پریشانی سے نجات دلائی جائے لیکن انہوں نے کبھی کوئی اقدام نہیں کیا۔