صوبائی کمشنروں کو نگرانی کرنے اور ضلع ترقیاتی کمشنروں کو تقاریب کا اہتمام کرنے کی ہدایات
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کی سربراہی والی انتظامیہ نے مرکزی زیر انتظام جموں کشمیر میں سرکاری اثاثوں،سڑکوں،تعلیمی اداروں اور چوراہوں کے نام مہلوک فورسز،فوج و پولیس اہلکاروں اور اہم شخصیات کے نام پر رکھنے کو منظوری دی ہے۔ جمعہ کو جاری حکم نامہ میں ایسے سرکاری اثاثوں کی مجموعی تعداد76 ہے جن کے نام منسوب کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔اس بات کا فیصلہ 19اکتوبر کو انتظامی کونسل میٹنگ میں لیا گیا تھا۔ وادی میں25اور جموں میں51 ایسی سرکاری عمارتیں ہیں،جن کے نام تبدیل کئے جارہے ہیں۔ عمومی انتظامی محکمہ کے کمشنر سیکریٹری کی جانب سے جاری آرڈر میں متعلقہ انتظامی سیکریٹریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان تبدیلیوں کیلئے سرکاری ریکارڈوں میں ترمیم کرنے سمیت دیگر اقدمات بھی اٹھائے۔ صوبائی کمشنروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ صوبوں میں اثاثوں کے ڈھانچوں میں نام کی تبدیلی کی از خود نگرانی کرے،جبکہ متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنر بھی اس بات کو یقینی بنائیں کہ سرکاری اثاثوں کے نام کی تبدیلی سے متعلق معقول تقاریب کا انتظام کرے۔آرڈر کے مطابق بائز ہائر اسکینڈری اسکول گر گڑی محلہ زینہ کدل کا نام تبدیل کرکے معروف موسیقارغلام محمد ساز نواز،جبکہ انسٹی چیوٹ آف میوزک اینڈ فائن آرٹس،کشمیر یونیورسٹی کا نام معروف مصنف پران کشن کول، محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے آڈیٹوریم کا نام معروف کشمیری گلوکارہ راج بیگم، گورنمنٹ ڈگری کالج زکورہ کا نام معروف قلمکار اختر معین الدین، گورنمنٹ ڈگری کالج عیدگاہ کا نام کشمیر یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر حامدی کشمیری،گورنمنٹ ڈگری کالج آلوچی باغ کا نام معروف ڈرامہ نویس موتی لال کیموہ،گورنمنٹ ڈگری کالج حیدر پورہ کا نام معروف شاعر،قلمکار و نقاد موتی لال ساقی اور کرسو پادشاہی باغ بنڈ سرینگر کا نام جاوید اقبال کے نام پر رکھا گیا ہے۔ آرڈر کے مطابق ہائر اسکینڈری اسکول بائز کھنہ بل اننت ناگ کا نام تبدیل کرکے روی جی،ترگہ پورہ روہامہ پانزلہ روڑ بارہمولہ کا نام ہیڈ کانسٹبل محمد شفیع،سلام آباددچھنہ سڑک کا نام منظور احمد نائیک، سلطان کنڈی کمل کوٹ روڑ سلیکشن گریڈ کانسٹبل دوست محمد، چھانہ کھن سوپور روڑ کانسٹیبل نیاز احمد،ہم ڈب شالکوٹ روڑ بارہمولہ نائیک غلام محمد خان،ژیرہیر،ماگام بڈگام روڑ کانسٹیبل عبدالرشید، گورنمنٹ ہائی اسکول گوٹلی باغ گاندربل اسسٹنٹ سب انسپکٹر سخی اکبر،بائز اہائر اسکینڈری اسکول کولگام،لانس نائک نذیر احمد وانی،گورنمنٹ ڈگری کالج کلم کولگام،انسپکٹر محمد الطاف ڈار اور چیئر کوٹ،گنڈی شاٹ روڑ کپوارہ سلیکشن گریڈ کانسٹیبل نصیر احمد کوہلی کے نام پر رکھا گیا ہے۔سرکاری حکم نامہ کے مطابق،سکلوٹ،ہلمت پورہ،باتر گام،گشی روڑ کپوارہ سلیکشن گریڈ کانسٹیبل محمد الطاف، گنگہ بگ،اندر بگ،چنڈی گام روڑ کپوارہ ہیڈ کانسٹیبل غلام محمد،،ترال کہلیل روڑ محمد لطیف گجر،اونتی پورہ چوک محمد امین بٹ، ارشد خان چوک(خاک چوک) ارشد خان کے نام پر رکھا گیا۔ جموں میں بھی سڑکوں،چوکوں اور تعلیمی اداروں کے نام تبدیل کئے گئے ہیں جن میں معروف ناول نگار و شاعرہ ڈاکٹر پدما سچدیوا کے نام پر گورنمنٹ زنانہ کالج گاندھی نگر، جموں پرجا پریشد کے بانی اور بھارتیہ جن سنگھ کے معروف لیڈر،پنڈت پریم ناتھ ڈوگرہ کے نام پر گورنمنٹ ڈگری کالج سانبہ،کیپٹن دورب سنگھ کے نام پر گرلز ہائر اسکینڈری اسکول سانبہ،لیفٹنٹ سوشیل کھجوریہ کے نام پر مڈل اسکول سنگاوالی اور مڈل اسکول چل سلاریہن سانبہ کا نام صوبیدار لال سنگھ کے نام پر رکھا گیاہے۔کیپٹن توشار مہاجن کے نام پر گورنمنٹ ہائر اسکینڈری اسکول گرلز ادھمپور،انسپکٹر کمل سنگھ کے نام پر گورنمنٹ ماڈل ہائر اسکینڈری اسکول بائز ادھمپور، ڈابر پوٹھا لنک روڑ سے کھیری ڈامبری نوشہرہ،سیر اور راجوری روڑ نائب صوبیدار لیکھ راج،مہر نیرہ روڑ رام بن کانسٹیبل دلہیر سنگھ،کنگا گاندھری رور رام بن روڑ کانسٹیبل محمد اقبال،گران مڈھ سے طوطے روڑ ریاسی،سلیکشن گریڈ کانسٹیبل کمل کشور کے نام پر،گورنمنٹ ہائر اسکینڈری اسکول کھور جموں،ڈپٹی سپر انٹنڈنٹ پولیس گلبدن سنگھ،گورنمنٹ ہائی اسکول آلہ ارنیہ جموں سب انسپکٹر سیٹھی رام کے نام پر اور گورنمنٹ ماڈل آئی سی ٹی بائز ہائر اسکینڈری اسکول آر ایس پورہ جموں میجر اروند باجلا کے نام پر رکھا گیا ہے۔