سرینگر //حکومت نے جنوبی کشمیر کے تین اضلاع میں اُس اراضی کی نشاندہی کی ہے جسے بٹالین کیمپنگ سائٹس کے قیام کے لیے سینٹرل ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف) کو منتقل کیا جانا ہے۔ یہ تین اضلاع اننت ناگ، شوپیاں اور پلوامہ ہیں اور یہ اراضی 524 کنال اور 11 مرلہ پر مشتمل ہے۔حال ہی میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی زیر قیادت ریاستی انتظامی کونسل نے سی آر پی ایف کو اراضی کی منتقلی کی منظوری دی ہے۔ شوپیاں کے 5 ، پلوامہ کے 3 اور ضلع اننت ناگ کے 3 دیہات میں پھیلی زمین کی نشاندہی کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سی آر پی ایف کو منتقل کی جانے والی زمین 'سرکاری زمین' ہے، جس میں کچھ حصہ خالصہ سرکار اور کچھ شاملات بھی ہے۔شوپیان کے الوپورہ اور شیخ پورہ دیہات میں 150 کنال اراضی سی آر پی ایف کو دی جارہی ہے اسکے علاوہ، بٹہ پورہ میں 20 کنال اور زاوورہ اور بدرھامہ گائوں میں 22.8 کنال اراضی منتقل کرنی ہے۔ پلوامہ ضلع میں کدلہ بل پانپور میں 24.16 کنال ،کاکا پورہ کے اوکھو گائوں میں 80 کنال اور قوئل گائوں میں 60 کنال اراضی منتقل کی جانی ہے۔اننت ناگ میں شانگس تحصیل کے براہ گائوں میں 99.8 کنال اراضی، جمو پہلگام میں 40 کنال اور سبحان پہری بجبہاڑہ میں 27 کنال اراضی منتقل کی جانی ہے۔اراضی کی منتقلی کی قیمت اسٹامپ ڈیوٹی کی شرح کے مطابق ادا کی جائے گی اور مزید زمین اسی مقصد کے لیے استعمال کی جائے گی جس کے لیے منتقلی کی منظوری دی گئی ہے۔دریں اثنا کاکا پورہ کے اوکھو گائوں کے مقامی لوگوں نے احتجاج کیا ہے کہ اگر ان سے زمین چھینی گئی تو وہ آنے والے دنوں میں احتجاج میں شدت پیدا کریں گے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ برسوں سے یہاں رہ رہے ہیں اور اب اچانک اسے سرکاری اراضی قرار دے دیا گیا ہے۔"اگر زیر بحث زمین ان سے چھین لی جاتی ہے، تو وہ سڑکوں پر آ جائیں گے کیونکہ ان کے پاس رہنے کی کوئی جگہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مقامی آبادی کہاں جائے گی۔ ہم اصل باشندے ہیں اور مکینوں کو خالی کرنا اور CRPF کے لیے بٹالین کیمپنگ سائٹس قائم کرنا سراسر ناانصافی ہے۔( مشمولات کے این ٹی)