سرینگر// جموں کشمیر حکومت نے ضلع کیپکس بجٹ مالی سال2020-21 کے تحت تمام سرکاری محکموں کو مزید25فیصد رقومات کی واگزاری کو منظوری دی۔ اس مد میں امسال جون میں پہلے ہی50فیصد رقومات کو واگزار کیا گیا ہے۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری ایک حکم نامہ میں کہا گیا کہ محکمہ خزانہ’یوٹی‘ اور ضلع کیپکس بجٹ کے تحت مزید25فیصد رقومات کی واگزاری کو منظوری دیتا ہے۔ حکم نامہ میں کہا گیا کہ اراضی معاوضہ، سامان کی منتقلی، محکمہ تعمیرات عامہ،میکنکل انجینئرنگ محکمہ جموں اور کشمیر کے علاوہ مغل روڑ( آر اینڈ بی) محکمہ کو صد فیصد رقومات کی واگزاری بھی کی جاسکتی ہے۔ حکم نامہ کے مطابق رقومات کی منظوری کئی معاملات سے مشروط ہیں،جن میں محکمہ جات اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ان رقومات سے سابق بقایاجات کی ادائیگی نہیں ہوگی اور فی الوقت تمام کام زمینی سطح پر جاری ہو۔ ضلع شماریات افسراں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ زمینی سطح پر پروجیکٹوں کی تصدیق ایک ماہ میں کرکے محکمہ خزانہ کو اپنی رپورٹ پیش کرے۔ حکم نامہ کے مطابق ان کاموں کو مطلوبہ ٹینڈروں اور کاموں کی الاٹمنٹ سے متعلق تاریخ پر پائے تکمیل تک پہنچایا جانا چاہے۔ آرڈر میں کہا گیا ہے کہ ای ٹینڈرنگ کے وقت انتظامی معاہدوں اور تکنیکی منظوری سمیت دیگر لازمی چیزوں کو بھی دیکھا جانا چاہے۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری اس حکم نامہ میں محکمہ جات کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان تمام کاموں جنہیں مالی سال2021-22تک پایہ تکمیل پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،ان سے متعلق محکمہ جات مفصل رپورٹ محکمہ خزانہ کو روانہ کرے۔