پونچھ //سرحدی ضلع پونچھ کی پسماندہ پنچایت نونا بانڈی میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات ہر گزرتے روز بڑھتی جارہی ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ جل شکتی کی جانب سے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے سنجیدگی کیساتھ کا ہی نہیں کیا جارہا ہے جبکہ پہاڑی پر آباد گائوں میں پانی کا کوئی قدرتی وسائل بھی نہیں ہے ۔علاقہ کے معززین نے بتایا کہ مقامی خواتین پانی لانے کیلئے کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر نے پر مجبور ہیں ۔مقامی سرپنچ عبدالقیوم نے بتایا کہ پانی کی فراہمی کیلئے 10برس قبل ایک واٹر سپلائی سکیم کی تعمیر شروع کی گئی تھی لیکن اس وقت تک سکول کو مکمل کرکے عوام کو پینے کا صا ف پانی فراہم نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ چار مرحلوں کے تحت تعمیر ہونے والی سکیم کی مین پاپئیں ،واٹر سپلائی ٹیم و دیگر بنیادی ڈھانچہ تعمیر کیا گیا ہے لیکن گھروں میں پانی سپلائی کرنے کیلئے پاپئیں ہی نہیں بچھائی گئی جس کی وجہ سے لوگوں کو مذکورہ سکیم کا ابھی تک کوئی فائدہ نہیں ملا ۔انہوں نے بتایا کہ گائوں میں پتھری واٹر سپلائی سکیم گزشتہ کئی برسوں سے بند پڑی ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سکیم کو چلانے اور مرمتی عمل کیلئے دو کروڑ سے زائد کی رقم منظور کی گئی تھی لیکن علاقہ کو دیکھتے ہوئے کسی نے بھی ٹینڈر ہی نہیں لگایا ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں پانی کی سپلائی کیلئے متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔