مینڈھر میں مشکوک موت کا معاملہ حل | پولیس نے بیوی اور اس کا عاشق گرفتار کرلیا
جاوید اقبال
مینڈھر //جموں وکشمیر پولیس نے مینڈھر سب ڈویژن میں ایک مشکوک موت کے معاملے کو ایک ہفتے کے اندر حل کرتے ہوئے مرنے والے کی بیوی اور اس کے عاشق کو گرفتار کرلیا ۔ایس ڈی پی او مینڈھر ظہیر عباس جعفری نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سب ڈویژن کے دھار گلون علاقہ میں 2اکتوبر کو ایک نوجوان کی مشکوک حالت میں مو ت واقعہ ہوگئی تھی جبکہ اس سلسلہ میں پولیس کو اطلاع ملی تھی جس کے بعد پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم ودیگر لورزامات مکمل کرنے کے بعد اہل خانہ کے حوالے کردیا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ نوجوان کی شناخت طاہر محمود ولد محمد صدیق سکنہ دھار گلون کے طور پر ہوئی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس ابتدائی طورپر پولیس سٹیشن گورسائی میں 174سی آر پی سی کے تحت ایک معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کی جس کے دوران مرنے والے نوجوان کی بیوی او ر ایک سرکاری ٹیچر کے درمیان تعلقات کا معاملہ سامنے آیا جس کے بعد تحقیقات کے دوران دونوں اس مشکوک موت کے ملزم پائے گئے ۔پولیس نے بتایا کہ معاملہ تین افراد پر درج ہے تاہم لڑکی کا بھائی غائب ہے ۔پولیس نے بتایا کہ گور نمنٹ ٹیچر کی جانب سے طاہر محمود کو مبینہ طورپر بلیک میل بھی کیا جاتارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بیوی زینب النساء اور اس کا عاشق محمد اقبال ولد مرحوم محمد اسحاق سکنہ دھار گلون کر گرفتار کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ معاملہ حل ہونے کے بعد پولیس نے ایک ایف آر آر زیر نمبر 115/2021زیر دفعات 306,111،اور 134آئی پی سی کے تحت مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
پسنجر شیڈ گندگی کے ڈھیر میں تبدیل | گاڑیوں کے انتظار میں رہنے والے مسافر وںکومشکل کا سامنا
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر بس سٹینڈ پر کئی برس قبل تعمیر کیا گیا ایک پسنجر شیڈ اب گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا ہے جبکہ مختلف روٹوں کی گاڑیوں کیلئے انتظار میں کھڑے ہونے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کئی برس قبل حکام کی جانب سے مسافروں کیلئے ایک شیڈ کی تعمیر عمل میں لائی گئی تھی لیکن محکمہ دیہی ترقی کی لاپرواہی کی وجہ سے اب مذکورہ شیڈ میں گندگی کے ڈھیر جمع ہیں جبکہ مسافروں کیلئے شیڈ جیسی کوئی بھی سہولیت دستیاب نہیں ہے ۔مسافروں نے بتایا کہ حکام کی جانب سے لاکھوں روپے خرچ کرنے کے بعد شیڈ کی تعمیر عمل میں لائی گئی تھی لیکن اس کو مسافرو ں کیلئے بحال رکھنے میں محکمہ پوری طرح سے ناکام رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مینڈھر بس سٹینڈپر دھوپ اور بارش کے دوران مسافروںکیلئے کوئی بھی جگہ دستیاب نہیں ہے جبکہ متعلقہ حکام آگاہ ہونے کے باوجود بھی لاپرواہی کا شکار ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پسنجر شیڈ کو قابل استعمال بنایا جائے تاکہ مسافروں کو مشکل وقت میں سہولیت میسر ہوسکے ۔
ریحان میں سیر ت النبی کانفرنس کا انعقاد
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے ریحان گائوں میں سیرت النبی کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں مکینوں نے شرکت کی ۔اس دوران ٹرائبل سیکریٹری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری اور سینئر صحافی ظفر اقبال چودھری کے والد مرحوم چوہدری سلام الدین کی تیسری برسی کے سلسلہ میں بھی ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا ۔اس سلسلہ میں منعقدہ پروگرام کے دوران مفتی محمد افضال بریلوی سے آئے ہوئے تھے ۔ان کے علاوہ مفتی غلام محی الدین مصباحی، مفتی محمد حنیف مصباحی، مولانا محمد فاروق نعیمی ،مولانا غلام رسول،حافظ الیاس ،چوہدری محمد شفیع ،باجی عبدالواحد ،باجی بشیر اور متعد سیاسی وسماجی شخصیات کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس پروقار تقریب میں مفتی افضال نے اپنے خطاب میں سیرت النبیؐکی سیرت پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے تمام امت مسلمہ کو سیرت رسولﷺ پڑھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی ہدایت دی ۔علماء نے کہا کہ موجودہ دور میں اپنے بچوں کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم وتربیت دینا فرض ہے جبکہ مسلمانوں نے دینی تعلیم وتربیت سے دوری اختیار کی ہوئی ہے جس کی وجہ سے آئے روز مسلمانوں کو گھریلو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مولانا فاروق نے کہا کہ خود بھی نمازی بنیں اور اہل خانہ کو بھی نماز کی تلقین کریں اور اگر نماز کے پابند نہیں تو زندگی جینے کا مقصد کچھ نہیں ۔انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل نماز کے بجائے کھیل کود میں وقت گزارتی ہے۔انہوں نے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ نماز پڑھنے کے عادی بن جائیں ۔واضح رہے کہ حاجی سلام الدین اپنی زندگی میں پٹواری نائب تحصیلدار. اور تحصیلدار کی کرسی پر فائز رہے ریٹائرڈ ہونے کے بعد غریب لوگوں کے خدمت گزار رہے انہوں نے اپنی زندگی میں ہمیشہ غریب لوگوں کی پرورش کی اور وہ ایک نیک اور دیندار شخص تھے ۔
سرنکوٹ میں ’لیگل سروس ڈے ‘منایا گیا
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ عدالت میں تحصیل لیگل سروس کمیٹی سرنکوٹ کی جانب سے لیگل سروسزڈے منانے کی مناسبت سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت تحصیل لیگل سروس کمیٹی سرنکوٹ کے چیئر مین منظور احمد خان کر رہے تھے۔ منعقدہ پروگرام میں پینل وکلاء حضرات آئی سی ڈی ایس ورکروں و ہیلپر اور پیرا رضاکاروں نے شمولیت اختیار کی۔پروگرام میں تحصیل لیگل سروس کمیٹی سرنکوٹ کے چیئر مین نے بولتے ہوئے کہا کہ پروگرام کو لیگل سروسز ڈے کے نام سے منایا جا رہا ہے۔انھوں نے لیگل سروس ڈے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ لیگل سروسز عام لوگوں کے لئے بہت فائدہ مند ہے لوگوں کو مزید انصاف دلوانے کے لئے مذکورہ آئی سی ڈی ایس ورکر پی ایل وی زمرے میں آنے والے لوگ یہ کوشش کریں تاکہ سوسائٹی میں اقلیتی طبقہ کو مناسب انصاف دلایا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں عام لوگوں کو بیدار کیا جائے تاکہ وہ اس کا فائدہ اٹھا سکیں ۔
ڈرگ انسپکٹر نے منڈی کا دورہ کیا
میڈیکل سٹوروں کا معائینہ و ادویا ت کے نمونے حاصل کئے
عشرت حسین بٹ
منڈی// ڈرگ انسپکٹر پونچھ نے تحصیل صدر مقام منڈی میںمیڈیکل سٹوروں کا معائینہ کرنے کیاتھ ساتھ ادویات کے نمونے بھی حاصل کئے ۔اس دوران آفیسر موصوف نے میڈیکل سٹوروں کے مالکان کیساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ڈرگ انسپکٹر ضلع پونچھ محمد شکور نے منڈی میںمریضوں کو فروخت کی جارہی ادویات کا معائینہ کیا ۔اس موقعہ پر انہوں نے دوا سازوں کے ریکارڈ کا معائینہ کرکے ادویا ت کے نمونے بھی حاصل کئے بعد میں آفیسر موصوف کی قیادت میں میڈیکل سٹور مالکان کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں انہوں نے عوام کے تعین میڈیکل سٹور مالکان و دوا فروشوں کو اپنا معیاری رول ادا کرنے کی تلقین بھی کی ۔انہوں نے دوافروشوں کو کہا کہ سرکار کی جانب سے جن ادویات پر پابندی عائد کی گئی ہے وہ ان ادویات کو اپنی دوکانوں پر فروخت نہ کریں۔ انہوں نے میٹنگ کے دوران کہا کہ وہ دوائی کے ساتھ مریضوں کو اس کا بل بھی دیں تاکہ دوکانوں کے ریکاڈ بھی بہتر طریقے سے دستیاب رہیں۔ محمد شکور نے کہا کہ میڈیکل سٹور مالکان کو چاہئے کہ وہ اپنی دوکانوں پر بہتر کمپنیوں کیادویات عوام کیلئے دستیاب رکھیں ۔
منڈی میں ٹریفک پولیس کے ناکے
قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کارروائی کی گئی
عشرت حسین بٹ
منڈی// تحصیل منڈی میں ٹریفک پولیس کی جانب سے جگہ جگہ ناکے لگاکر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ۔اس کارروائی کے دوران گاڑیوں میں کی جانے والی اور لوڈنگ کے علاوہ بنیادی لورزامات کے نہ ہونے ،تیز رفتاری ودیگر قوانین کیخلاف ورزی پر گاڑیوں کے چالان کئے گئے ۔واضح رہے کہ منڈی کی سڑکوں پر چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی جانب سے اورلوڈنگ کی جاتی ہے جس کو روکنے کیلئے ٹریفک پولیس کی جانب سے آئے دن کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے منڈی تحصیل کی مختلف سڑکوں ،جن میں آڑائی ،پلیرہ، ساتھرہ، ساوجیاں اور لورن کے مقامات پر ناکے لگا کر ہر گاڑی کے کاغذات کی جانچ کی گئی۔ ایس آؤ ٹریفک پولیس منڈی نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ڈی ایس پی ٹریفک راجوری پونچھ کی ہدایات پر گزشتہ دو دنوں سے انہوں نے منڈی تحصیل کے مختلف علاقوں میں ناکے لگائے ہوئے تھے جس کے دوران انہوں نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے دو گاڑیوں کو ضبط کرلیا جبکہ دو ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ۔ٹریفک حکام نے ڈرائیورطبقہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ گاڑیوں میں اور لوڈنگ نہ کریں جبکہ قوانی کی پاسداری کریں ۔انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ قاعدہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
سائبر سیل پونچھ کی اہم کارروائی
لاکھوں روپے مالیت کے 50 سمارٹ فونزبرآمد کئے
حسین محتشم
پونچھ//اپنی خدمات کو عام لوگوں کے لئے جاری رکھتے ہوئے اور عوام کی جانب سے کی گئی شکایات کے ازالے کرتے ہوئے سائبر سیل پونچھ نے مزید 50 گمشدہ موبائل فون برآمد کر کے انھیں ان کے حقیقی مالکان کے حوالے کیا۔پولیس تھانہ پونچھ میںایس ایس پی پونچھ ڈاکٹر ونود کمار(آئی پی ایس) نے بر آمد کئے گئے موبائل ان کے حقیقی مالکان کے حوالے کرتے ہوئے عام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے موبائل کا بہت زیادہ خیال رکھیں۔انھوں نے کہا کیونکہ موبائل فون میں ہمیشہ ہمارا ذاتی ڈیٹا ہوتا ہے اور اگر یہ کسی شخص کے ہاتھ لگ جائے تو وہ اس کا غلط استعمال کر سکتا ہے۔انھوں نے کہا اس لئے ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنی تمام اشیاء کو پورا خیا رکھیں۔اس موقعہ پر موجودڈی وائی ایس پی پونچھ منیش شرما نے کہا کہ پولیس نے رواں سال کے دوران130گمشدہ موبائل فونز کا پتہ لگایا ہے۔ اس دوران عوام الناس نے سائبر سیل پونچھ کے کردار اور کوششوں کو سراہا۔
کھیل کا میدان متبادل جگہ پر تعمیر کرنے کی مانگ
حسین محتشم
پونچھ//تحصیل منڈی کے گائوںآڑائی کے محلہ ٹھکراں میں کھیل کا میدان تعمیر کیا جا رہا ہے جس کو لیکر مقامی لوگ خوشی کا اظہار کر رہے ہیں ، لیکن یہ کھیل کا میدان بنانے کے لئے جس جگہ کا انتخاب کیا گیا ہے وہ ایک چرا گاہ ہے جہاں مقامی لوگ اپنے مویشیوں کو گھاس چراتے ہیں ۔اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے مقامی سیاسی وسماجی شخصیت مولانا حکیم الدین نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غریب لوگوں کو چراگاہ سے محروم کیاجا رہا ہے۔انھوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ وہ کھیل کے میدان کے لئے کوئی ایسی جگہ کا انتخاب کریں جو اس کے لئے مناسب ہو اورجس سے مقامی لوگوں کو نقصان نہ پہنچے۔انھوں نے کہا کہ کھیل کا میدان علاقے کے نوجوان نسل کے لئے بہت ضروری ہے اگر وہ وہاں تعمیر کیا جارہا ہے تو ایک خوش آئندقدم ہے لیکن ایک چراگاہ کو ختم کر کے گرونڈ بنانا کوئی انصاف نہیں ہے۔انھوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور دیگر تحصیل اور ضلع افسران سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ کھیل کا میدان کسی دوسری جگہ بنائیں تاکہ وہاں کے غریب عوام چراگاہ سے محروم نہ ہوں۔
عالمی یوم اردو کے موقع پرخطہ پیر پنچال میں تقریبات کا انعقاد
حسین محتشم
پونچھ// 9 نومبر کو بر صغیر ہند و پاک میں یوم اردو منایا جاتا ہے یہ دن علامہ اقبال کے یوم ولادت سے بھی منسوب ہے۔ اسی سلسلے کو لیکر سرحدی ضلع پونچھ اور راجوری میں مختلف مقابات پر تقریبات منعقد کی گئی۔ شعبہ اردو پی جی کالج راجوری میں علامہ اقبال کی حیات و شاعری پر ایک توسیع خطبے کا انعقاد کیا گیا جس میں پروفیسرتہمینہ اختر مہمان خصوصی تھیں۔ انہوں نے اپنے خطبے میں علامہ اقبال کی حیات، شخصیت اور شاعری کے کئی گوشوں پر روشنی ڈالی۔ پروگرام کی صدارت پرنسپل گورنمنٹ پی جی کالج راجوری پروفیسر ڈاکٹر شکیل احمد رینہ نے کی۔ انہوں نے اپنے صدارتی خطبے میں علامہ اقبال کی شاعری کی عصری معنویت پر زور دیا نیز طلباء کو مسلسل جد و جہد اور محنت کی تلقین کی۔ اس پروگرام میں کم و پیش سو سے زائد طلباء و طالبات موجود رہے جبکہ اہم سامعین میں پروفیسر فاروق مرزا، ڈاکٹر عاطیہ سعید، ڈاکٹر گوہر اقبال، پروفیسر انظار ملک، ڈاکٹر تفسیر، پروفیسر امجد بھٹی، پروفیسر الطاف حسین، ڈاکٹر خالد بھٹی، ڈاکٹر عبدالحق نعیمی، ڈاکٹر ظہیر احمد، ڈاکٹر رضا احمد، ڈاکٹر مختار احمد، ڈاکٹر اسرار احمد، ڈاکٹر رستم اور ڈاکٹر اظہر مسعود تھے۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر امجد علی بابر نے سر انجام دیئے۔ پروگرام کے آخر میں مہمانان و سامعین کا شکریہ صدر شعبہ اردو ڈاکٹر عبدالحق نے ادا کیا۔پونچھ کے سیاسی وسماجی شخصیات نے بھی یوم اردو پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پردیپ کھنہ نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یوم اردو شاعر مشرق ڈاکٹر محمد اقبال جو کہ اردو کے عظیم شاعر ہیں کے یوم پیدائش کے موقعہ پر منایاجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعہ اردو کی عظیم خدمات انجام دیں اس لئے ان کے یوم پیدائش کو ہم یوم اردو کے طور پر مناتے ہیں۔ انھوں نے کہا اقبال نے انسان کو زندہ رہنے، غیرت وحمیت کے ساتھ زندگی گزارنے اور ایمانی جذبوں کو برقرار رکھنے کا جو پیغام دیا وہی پیغام اقبال کے کلام کی روح اور ان کی فکر کی بنیاد ہے۔پروفیسر مجاہد مغل نے کہا کہ اقبال نے سماجیات، اخلاقیات اور معاشیات پر بھی زبردست کام کیا لیکن ہم نے اس سے خاطر خواہ استفادہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کو سچا خراج عقیدت یہ ہے کہ اسکولوں، کالجوں، مدارس اور دیگر دانش گاہوں میں علامہ اقبال سے متعلق پروگراموں کا انعقاد کرکے ان کے پیغامات کو عام کیا جائے۔ انھوں نے کہا ہمیں نئی نسل کو ان کے پیغامات، فلسفہ اور ان کی فکر سے آگاہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کی پہچان صرف ایک شاعر کی نہیں بلکہ ایک مفکر اور فلسفی کی بھی ہے، جس نے اپنے فلسفہ زندگی سے سوتے لوگوں کو بیدار اور بیدار لوگوں کو آگے بڑھنے اور چلنے کی تلقین کی۔ انھوں نے کہا کہ اقبال نے اس ملک کو ’’سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا‘‘ جیسا خوبصورت ترانہ دیا، جس میں ہندوستان کی خوبصورت تصویر کشی کے ساتھ اس کی عظمت کو بیان کیا گیا اور آپسی محبت واتفاق قائم رکھنے کا پیغام دیا۔
اشوک کول نے پونچھ کا دورہ کیا
پونچھ//جموں و کشمیر بھارتیہ جنتا پارٹی کے جنرل سیکریٹری اشوک کول نے پونچھ کا دورہ کیا۔اس دورے کے دوران انہوں نے پارٹی کے ضلع دفتر میں پارٹی کارکنان اور لیڈران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انجینئر محمد رفیق چستی ضلع صدر بی جے پونچھ، سابق ممبر قانون ساز کونسل پردیپ شرما، بی جے پی کے جموں کشمیر کر ترجمان سنیل گپتا اور دیگر سینئر ممبران موجود تھے۔اشوک کول نے مختلف منڈل کے وفود کے ساتھ ملاقات کر کے پارٹی کے کام کے مسائل اورضلع کے حوالے سے ترقیاتی مسائل اور دیگر اہم مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا ۔پارٹی کارکنان کو خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا نریندر مودی کی قیادت میںان کی حکومت کامیابیوں سے ہمکنار ہو رہی ہے ۔انہوں نے پارٹی لیڈران اور کارکنان کو مشورہ دیا کہ وہ موجودہ وبائی صورتحال میں مودی حکومت کی طرف سے شروع کردہ مختلف سرکاری سکیموںاور پروگراموں کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کریں۔انھوں نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہیں معاشرے کے آخری صف تک پہنچنے کی ہدایت کی تاکہ پارٹی کی جانب سے کئے گئے کاموں کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کیا جاسکے۔انہوں نے پارٹی قائدین پر بھی زور دیا کہ وہ زمینی سطح پر پہنچیں اور عوام کی شکایات سنیں۔پاڑتی کے ضلع صدر اور دیگر لیڈران نے اشکول کا پونچھ کا دورہ کرنے اور یہاں کے عوام کے مسائیل سننے پر ان کا شکریہ اداکیا۔
ضلع عدالت پونچھ میں لیگل سروسز ڈے منایاگیا
حسین محتشم
پونچھ//ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی پونچھ نے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس پونچھ میں اشوک کمار شاون، چیئرمین ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی پونچھ کی ہدایت پر "لیگل سروسز ڈے" کا اہتمام کیاگیا ۔تقریب سیکرٹری سٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی پونچھ وجاہت حسین کاظمی کی نگرانی میں منعقد کی گئی جس میں تقریباً 110 افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پرڈی ایل سی اے پونچھ کے چیئرمین اشوک کمار شاون، ٹی ایل ایس سی کے چیئرمین مدن لال اور ڈی ایل ایس اے کے سکریٹری وجاہت حسین کاظمی اظہار خیال کرتے ہوئے تمام تک انصاف کی رسائی کے لیے مختلف اسکیموں اور ڈی ایل ایس اے کے کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے لوگوں کو آگاہ کیا کہ وہ کس طرح ان تمام اسکیموں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔انھوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائدگان سے بھی کہا کہ وہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے اسکیموں کے فوائد کو عام کریں۔اس موقع پر اسپیشل موبائل مجسٹریٹ سرفراز نواز، پونچھ بار کے صدر معروف خان ایڈووکیٹ اور نائب صدر عبدالمجید خان ایڈووکیٹ نے
بھی خطاب کیا۔
نوشہرہ میں سرجن ڈاکٹر کی تعیناتی کا مطالبہ
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ ہسپتال میں سرجن ڈاکٹر کی آسامی خالی ہونے کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کی جانب سے ہسپتال میں جہاں بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں وہائیں سرجن کی گزشتہ کئی عرصہ سے خالی کرسی بھی مریضوں کیلئے مصیبت کا باعث بنی ہوئی ہے ۔سناتن دھرم سبھا نوشہرہ کے اراکین نے بتایا کہ محکمہ صحت کے اعلیٰ آفیسران کیساتھ ساتھ ضلع اور جموں وکشمیر انتظامیہ سے بھی کئی مرتبہ اپیلیں کی گئی ہیں لیکن ابھی تک ہسپتال میں سرجن ڈاکٹر کی تعیناتی نہیں کی گئی ہے ۔اس سلسلہ میں سناتن دھرم سبھا نوشہرہ کا ایک اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں کئی اراکین نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر مقررین نے کہاکہ نوشہرہ ہسپتال میں بنیادی سہولیات کیساتھ ساتھ سرجن کی تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے ایمر جنسی کیسوں کو بغیر بنیادی علاج معالجہ کے دیگر ہسپتالوں میں ریفر کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ نوشہرہ ہسپتال میں مذکورہ ڈاکٹر کی تعیناتی کیساتھ ساتھ دیگر بنیادی سہولیات بھی فراہم کی جائیں ۔
قلعہ درہال میں تحصیل دفتر تعمیر کرنے کی مانگ
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کی تحصیل قلعہ درہال کے مکینوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ 2014میں قائم کر دہ تحصیل میں جلدازجلد سرکاری دفتر کی عمارت تعمیر کی جائے تاکہ عوام کو معیاری بنیادی سہولیت دستیاب ہوسکے ۔مکینوں نے بتایا کہ 7برس قبل قلعہ درہال کو تحصیل کا درجہ دیا گیا تھا لیکن حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے ابھی تک تحصیل دفتر کی عمارت ہی تعمیر نہیں کی جاسکی ۔انہوں نے بتایا کہ صرف دو آفیسران کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تاہم تحصیل میں دیگر بنیادی سہولیات بھی دستیاب نہیں ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو نوشہرہ سب ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹر پر ضروری کاموں کے سلسلہ میں جاناپڑتا ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ قلعہ درہال میں محکمہ مال کا دفتر قائم کر کے عوام کو بنیادی سہولیات علاقہ میں ہی میسر کی جائیں۔