مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کے سرحدی علاقہ میں بنائی گئی کوٹاں تا لنجوٹ واٹر سپلائی سکیم گزشتہ 3ماہ سے مکمل بند پڑی ہوئی ہے تاہم متعلقہ محکمہ و مقامی انتظامیہ درجنوں دیہات میں پانی کی سپلائی بحال کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ تین ماہ قبل محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے سدوالہ ۔سوئیاں رابطہ سڑک کی تعمیر کے دوران پانی کی سپلائی پاپئیں اکھاڑ دی تھی لیکن اس کے بعد محکمہ جل شکتی کی جانب سے پاپئیں دوبارہ سے نصب ہی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے 2پنچایتوں کے درجنوں گائوں و محلوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔انہوں نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی او ر محکمہ جل شکتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دنوں محکموں کی جانب سے عوام کو سہولیت فراہم کرنے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔انہو ں نے بتایا کہ واٹر سپلائی سکیم کے متاثر ہونے کے سلسلہ میں متعلقہ حکام سے رابطہ قائم کرنے کے باوجود بھی پاپئیں نصب نہیں کی جارہی ہیں ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ واٹر سپلائی سکیم سے گو ہلد چوکی اور گوئی پنچایتوں کیساتھ ساتھ ملحقہ علاقوں میں بھی پینے کا صاف پانی سپلائی کیا جارہا تھا ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ جل شکتی کے لاپرواہ ملازمین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ پانی کی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔