جموں//صوبہ جموں سے جے اینڈ کے ایڈوائزری بورڈ فار ڈیولپمنٹ آف کسانوں کے نو منتخب ممبران کی ایک تعارفی و تبادلہ خیال میٹنگ کرشی بھون میں منعقد ہوئی۔یہ میٹنگ بورڈ کے وائس چیئرمین اور پرنسپل سیکرٹری زراعت اور بہبودی کساناں نوین کمار چودھری کی سربراہی میں منعقد ہوئی۔اِس موقعہ پر وائس چانسلر شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگر یکلچر سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی جموں پروفیسر جے پی شرما موجود تھے ۔ وہ بورڈ کے سابق رکن بھی ہیں۔تعارفی و تبادلہ خیال میٹنگ کا اِنعقاد سہولیت فراہم کرنے اور خطے کے کسانوں کے اہم مسائل کو اُٹھانے،بورڈ اور اِس کے ممبران کے مشن اور مقاصد کو اُجاگر کرنے کے لئے کیا گیاتھا۔اِس موقعہ خطاب کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے حالیہ ژالہ باری ، بارش اور برفباری سے تباہ شدہ فصلوں کے نقصان پر کسانوں کے ساتھ ہمدردی کا اِظہا ر کیا ۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ کسانوں کو نقصان میں راحت فراہم کرنے کے لئے ایک ہفتے میں سروے مکمل کریں اور بورڈ کے ممبران پر زور دیا کہ وہ کسانوں کو اپنی فصلوں کا بیمہ کرنے کی ترغیب دیں اور پی ایم کسان ندھی یوجنا کے بارے میں بیداری پھیلائیں ۔پرنسپل سیکرٹری نے حاضرین کو مطلع کیا کہ ہندوستان کا مقصد تیل کے بیجوں کی پیداوار میں اِضافہ کرنا ہے اور اِس کے لئے ان کا محکمہ جموںوکشمیر یوٹی میں اِس کی پیداوار کو بڑھانے میں مدد کر رہا ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ کشمیر خطہ میں اس برس بیجوں کی اپنی گزشتہ پیداوار سے دس گنا زیادہ متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح جموں خطے میں ریکارڈ پیداوار کی توقع ہے۔اُنہوں نے کاشت کاروں سے کہا کہ محکمہ کی جانب سے پھلوں کی بہتر لاجسٹکس کیلئے خصوصی کریٹ منگوائے گئے ہیں جس سے پہلے نقل و حمل او رہینڈ لنگ کی وجہ سے ہونے والے نقصانات میں بھی کافی حد تک کمی آئے گی ۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ ہر مہینے کی پہلی ایتوار کو پشو دھن میلہ کا اِنعقاد کرنا اور اس کے لئے متعلقہ محکمہ کی جانب سے سہولیت فراہم کی جائے گی۔وائس چیئرمین نے اراکین سے حکومتی سکیموں اور ان کے متعلقہ اَضلاع میں ان کی عمل آوری میں درپیش چیلنجوں کے بارے میں فیڈ بیک حاصل کیا۔ صوبہ جموں کے تمام اَضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین نے زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود سکیموں میں شامل کرنے اور دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہوں کے ساتھ بھی بات چیت کی اور اَپنے تجربات شیئر کئے۔پرنسپل سیکرٹر ی نے تمام محکموں کے سربراہوں کو ہدایت دی کہ وہ علاقے کے دُور دراز علاقوں کا ماہانہ دورہ کریں ، بیداری کیمپوں کا اِنعقاد کریں اور مقامی اِداروں اور بورڈ ممبران کے ساتھ مل کر مناسب مطالبات کو سائٹ پر حل اور منظوری دیں۔میٹنگ میں مختلف شعبوں بالخصوص فوڈ پروسسنگ ، دودھ کی پیداوار ، سیر یکلچر ، فارم پروڈکشن لاجسٹکس ، نقد فصلوں ، ماہی پالن وغیرہ میں توسیع کے دائرہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔