سرینگر// حکومت نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے3 افسراں کو مبینہ کورپشن کیس میں انٹی کورپشن بیورو کی جانب سے جاری تحقیقات کے نتیجے میں معطل کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔ جبکہ متعلقہ محکمہ کو ان افسراں کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ عمومی انتظامی محکمہ کے کمشنر سیکریٹری منوج کمار دیویدی کی جانب سے جمعہ کو جاری آرڈر میں کہا گیا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے اسسٹنٹ ٹرانسپورٹ افسر کپوارہ اور 2 موٹر وہیکل انسپکٹر وں کے خلاف زیر التواء تحقیقات کے نتیجے میں انہیں جموں کشمیر سیول سروس(درجہ بندی، کنٹرول، اپیل) ضابطہ1956قاعدہ31کے تحت فوری طور پر معطل کیا جاتا ہے۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ معطل شدہ افسران و ملازمین کے خلاف ضابطہ کے تحت محکمہ ٹرانسپورٹ محکمانہ کارروائی شروع کرے۔ آرڈر کے مطابق معطلی کے دوران محمد مختار صوفی اے آر ٹی او کپوارہ ،خورشید احمد کنہ موٹر وہیکل انسپکٹر اور عبدالحمید بٹ موٹر وہیکل انسپکٹر صوبائی کمشنر کشمیر کے دفتر کے ساتھ منسلک رہیں گے۔حکم نامہ میں انٹی کورپشن بیورو کی جانب سے3 ستمبر کو روانہ کئے گئے مکتوب کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔