گاندربل+ترال// لیگل سروس اتھارٹی گاندربل نے محکمہ تعلیم کے اشتراک سے بی ہامہ گاندربل میں واقع نجی سکول ڈریم لینڈ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ میں یوم اطفال منانے کیلئے ایک تقریب کا انعقاد ہوا۔تقریب میں سیکریٹری ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی گاندربل محترمہ تبسم نے مہمان خصوصی تھے جبکہ پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نونر تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔تقریب میں ضلع گاندربل کے مختلف اسکولوں کے اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔اس سے قبل یوم اطفال کی مناسبت سے 13اور 14نومبر کودو روزہ پروگرام میں مختلف مقابلے ہوئے جن میں مباحثہ، کوئز، پینٹنگ، سلوگن رائٹنگ، مضمون نگاری اور فلم سازی شامل ہیں جس میں مختلف اسکولوں کے طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مہمان خصوصی محترمہ تبسم نے مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا میں تعریفی اسناد اور مومنٹوز تقسیم کئے۔ یہ پروگرام ’آزادی کا امرت مہا اتسو‘کا حصہ تھا۔مہم کا مقصد معاشرے کے کمزور اور پسماندہ طبقوں کو مفت قانونی خدمات فراہم کرنا اور عام لوگوں کے ساتھ ساتھ طلبا کو لیگل سروسز اتھارٹی کے کردار سے آگاہ کرنا تھا۔محترمہ تبسم نے کہا کہ ہندوستان کے پہلے وزیراعظم جواہر لال نہرو کو بچوں کیلئے جنون کی حد تک پیار کرتے تھے اور ان کو ملک کا مستقبل سمجھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کی ضرورت ہے ۔انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ محبت اور پیار سے دیکھ بھال کریں۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی یوم اطفال کی مناسبت سے خطاب کیا ۔ادھر تحصیل لیگل سروسز اتھارٹی ترال کے اشتراک سے زونل ایجوکیشن آفس ترال میں یوم اطفال کے موقع پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ گورنمنٹ یو پی ایس لار یار ترال میںمنعقد ہ اس تقریب میں سکولی بچوں ،اساتذہ اور قانونی ماہرین نے شرکت کی ۔ اس موقع پر تحصیل لیگل سروسزاتھارٹی کے ماہرین نے بچوں کے حقوق اور ان کے تحفظ کی جانکاری دی۔ اس موقع پر کوئز اور پینٹنگ مقابلے کا انعقاد کیا گیا اور پہلی تین پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کوانعامات اور اسناد سے نوازا گیا ۔
’چائلڈ لائن سے دوستی‘
بچوں کو استحصال سے تحفظ کی ضرورت :صوبائی کمشنر
سرینگر/ /ملک بھر میں ہر سال 14 نومبر کو منائے جانے والے یوم اطفال کے موقع پرصوبائی کمشنر کشمیر پانڈورنگ کے پولے نے ’چائلڈ لائن سے دوستی‘ ہفتہ کو جھنڈی دکھا کر شروع کیا۔چائلڈ لائن ایک غیر سرکاری تنظیم ہے، جو ان بچوں کے حقوق کیلئے کام کرتی ہے جو مصیبت میں ہیں اور مدد کی ضرورت ہے۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی کمشنرنے کہا کہ بچے کھلتی ہوئی کلیاں اور قوم کا مستقبل اور اثاثہ ہیں جنہیں دیکھ بھال اور استحصال سے تحفظ کی ضرورت ہے اور وہ اپنے حقوق سے لطف اندوز ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر بچپن ایک بچے اور قوم کے ترقی پسند شہری کے طرز عمل کی نشوونما کو یقینی بناتا ہے۔اس دوران صوبائی کمشنر نے بچوں، ان کے تحفظ اور حقوق کے حوالے سے کام کرنے پر NGO کو سراہا۔چائلڈ لائن سے دوستی ہفتہ بچوں کے حقوق، ان کی پرورش اور تحفظ کے علاوہ چائلڈ لیبر، اسمگلنگ اور بدسلوکی کے خاتمے کے بارے میں پیغام پھیلانے کے لیے منایا جاتا ہے۔'چائلڈ لائن' کے ایک رکن نے بتایا کہ 14 سے 21 نومبر تک کا ہفتہ ہر سال پورے ملک کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں چائلڈ لائن ہفتہ چار اضلاع بشمول سرینگر، بڈگام، اننت ناگ اور کپوارہ میں منایا جا رہا ہے۔ چائلڈ لائن کا ٹول فری نمبر 1098 ہے جہاں بچوں کے استحصال سے متعلق کسی بھی مسئلے کو رجسٹر کیا جا سکتا ہے۔