جموں//گوجر دیش چیئر ٹیبل ٹرسٹ کے 30رکنی وفد نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔چیئرمین گرجر دیش چیئرٹیبل ٹرسٹ ایڈ وکیٹ شاہ محمد چودھری کی قیادت میں وفد کے اَرکان نے طویل عرصے سے جاری فارسٹ رائٹس ایکٹ2006 کے مکمل عمل آوری پر لیفٹیننٹ گورنر کا شکریہ اَدا کیا۔وفد نے خانہ بدوش برادری کے لئے خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرنے کا سہرایل جی انتظامیہ کو دیا جو گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے جائز حقوق سے محروم رہی۔دوران تبادلہ خیال اراکین نے تمام اَضلاع میں قبائلی ہوسٹلوں ، روایتی کھیلوں کے فروغ ، موبائل سکولوںسمیت کئی مسائل بھی گوش گزار کئے۔لیفٹیننٹ گورنر نے وَفد کے اَرکان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں جموںوکشمیر کے قبائلی طبقے کی سماجی و اقتصادی بہبود یوٹی حکومت کے ترجیحی شعبوں میں شامل ہے۔ اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ انتظامیہ نے گزشتہ چند مہینوں میں کئی ایسے فیصلے لیے ہیں جن میں دہائیوں سے جاری امتیازی سلوک ختم ہو جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پربات کرتے ہوئے وفد کے ارکان پر زور دیا کہ وہ کمیونٹی کے نوجوانوں کو یوٹی اِنتظامیہ کی جانب سے شروع کی گئی مشن یوتھ کی مختلف سکیموں سے جوڑیں تاکہ وہ تمام مستفید اَفراد تک اس کے فوائد پہنچ سکیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کو یقین دِلایا کہ یوٹی حکومت جموںوکشمیر کی خانہ بدوش برادریوں کی ترقی اور بہبود کے لئے تمام محاذوں پر ثابت قدمی سے کام کر رہی ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ان کی تمام تجاویز اور نکات پر متعلقہ حکام کی طرف سے مناسب غور کیا جائے گا۔ادھرکشمیر وکلا ٔ ایسو سی ایشن کے ایک وفد نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی اور انہیں اَپنے متعلقہ مسائل گو ش گزار کئے۔دوران تبادلہ خیال شیخ وسیم گل کی قیادت میں وفد نے برادرانہ فلاح و بہبود سے متعلق بہت سے مسائل پر روشنی ڈالی۔وفد نے وکلا ٔ کی فلاح و بہبود کے لئے جموںوکشمیر یوٹی میں صارفین کی عدالتوں کی تشکیل نو کی طرف توجہ مبذول کرنے ، نوجوان وکلا ٔ کے لئے لائف و ہیلتھ اِنشورنس اور ایک ادارہ جاتی سماجی تحفظی سکیم کا مطالبہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے وَفد کے اَرکان کو بغور سنا اور اور اُنہیں یقین دِلایاکہ ان کے تمام جائز مطالبات اور مسائل کو مقررہ مدت میں حل کیا جائے گا۔ادھرسابق وزیر اور صوبائی صد اپنی پارٹی ایس منجیت سنگھ، وجئے پور سے ڈی ڈی سی رکن شلپا دوبے اور مختلف وفود نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی۔سابق وزیر نے لیفٹیننٹ گورنر کو 1965 اور 1971 کی جنگ میں بے گھر ہونے والے افراد کو درپیش مشکلات اور مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ڈی پیز کے مسائل کو مؤثر طریقے سے کم کرنے کے لیے بے گھر افراد کے ترقیاتی بورڈ کی تشکیل کا مطالبہ کیا اور اس سلسلے میں ایک میمورنڈم بھی پیش کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے سابق وزیر کو یقین دلایا کہ ان کی طرف سے بتائے گئے تمام متعلقہ مسائل کو بے گھر افراد کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔شیعہ فیڈریشن جموں کے سکریٹری عاشق حسین خان کی قیادت میں ایک وفد نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے سامنے UT کی شیعہ برادری کے مسائل اور مطالبات پیش کئے۔ انہوں نے جموں میں کمیونٹی ہال، کمیونٹی کے طلباء کے لیے خصوصی ہاسٹل، پونچھ کے گاؤں گرسائی میں سڑک، بجلی اور پانی کی فراہمی کی سہولیات کو بڑھانے کے علاوہ دیگر مسائل کا مطالبہ کیا۔ان کے سامنے پیش کیے گئے مسائل کو سنتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے مشاہدہ کیا کہ UT حکومت سماج کے تمام طبقات کی مساوی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔وجئے پور سے ڈی ڈی سی ممبر شلپا دوبے نے وجئے پور بی کے لوگوں کے مطالبات اور مسائل کا ایک میمورنڈم پیش کیا۔ اس نے وجے پور کے دیگر ترقیاتی مسائل کے علاوہ سرحدی علاقوں کے نوجوانوں کو مسلح افواج میں بھرتی کرنے کے لیے خصوصی مہم چلانے کا مطالبہ بھی کیا۔دریں اثناء اشونی کمار چرنگو، سینئر سیاسی اور کے پی رہنما نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور انہیں اقلیتی برادریوں کے ملازمین اور وزیر اعظم کے پیکیج کے تحت بھرتی کیے گئے ملازمین کے خدشات بشمول وادی میں ان کی محفوظ رہائش اور پروموشن کے مسائل سے آگاہ کیا۔متعلقہ لائن محکموں کے ذریعے تمام حقیقی مسائل کے ازالے کی یقین دہانی کراتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔