جموںں//جموں میں ضلع انتظامیہ نے گزشتہ چند دنوں سے ضلع میں رپورٹ ہونے والے کووڈ کیسوں میں مسلسل اضافہ کو دیکھتے ہوئے رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک رات کا کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ضلع مجسٹریٹ جموں انشول گرگ نے سی آر پی سی کی دفعہ 144 کے تحت اسے حاصل اختیارات کااستعمال کرتے ہوئے حکم دیا"جموں ضلع کے علاقے میں 17 نومبر 2021 (بدھ) سے رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک (11 بجے سے صبح 5 بجے کی بجائے) رات کا کرفیو رہے گا" ۔انہوں نے حکم دیا کہ "تحصیلدار اور ایس ایچ اوز اس بات کو یقینی بنائیں کہ نفاذ کے لیے عوام الناس کی آگاہی کے لیے لاؤڈ اسپیکر اعلانات کریں"۔ڈی ایم جموں ضلع کے ذریعہ جاری کردہ حکم میں کہا گیا ہے کہ "چیف میڈیکل آفیسر، جموں بھیڑ والے علاقوں اور ممکنہ ہاٹ سپاٹ میں مضبوط کوویڈ ٹیسٹنگ کو یقینی بنائے گا۔" ڈی ایم کے حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کو آئی پی سی کے تحت کارروائی کا انتباہ دیا گیا تھا۔آرڈر میں کہا گیا ہے "ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) جموں نے ضلع میں موجودہ کوویڈ کے منظر نامے کا تفصیلی جائزہ لیا جس میں یہ احتیاط کے ساتھ نوٹ کیا گیا ہے کہ ضلع میں پچھلے دنوں میں رپورٹ ہونے والے کوویڈ کیسوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ چند دنوں میں مثبتیت کی شرح 0.2 فیصد سے بڑھ گئی ہے جس پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فوری توجہ اور تدارک کی ضرورت ہے‘‘۔آرڈر میں کہا گیا ہے"کورونا انفیکشن کی روک تھام اور پروٹوکول سے متعلق ضروری احتیاطی تدابیر ضلعی انتظامیہ نے پولیس اور صحت کے حکام کے ساتھ مل کر پہلے ہی اٹھا رکھی ہیں"۔