سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سکھ طبقے کو گورونانک کے 552ویںیوم پیدائش پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ گورونانک جی نے انسانیت ، عدم تشدد ،بھائی چارہ اور فرقہ دارانہ میل ملاپ کی تعلیم دی ہے۔ ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ ریاستی عوام کو اِس بات پر فخر ہے کہ انہوں نے صدیوں سے بھائی چارہ کی شمع کو فروزاں رکھا اور امتحان کی گھڑی میں ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں برابر شریک رہے ہیں۔ پارٹی کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال، صوبائی صدور ناصر اسلم وانی اور رتن لعل گپتانے بھی سکھ طبقے کو مبارکباد پیش کی ہے۔ پارٹی کے دیگر زعماء محمد شفیع اوڑی ، شریف الدین شارق ، محمد رمضان چودھری، شمی اوبرائے، جاوید احمد ڈار، علی محمد ڈار اور جگدیش سنگھ آزاد نے بھی سکھ طبقے کو مبارکباد دی ہے۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی صدر محبوبہ مفتی نے عوام بالخصوص سکھ طبقے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرو نانک جی امن، ہمدردی اور محبت کے علمبردار تھے جن کی تعلیمات آنے والی نسلوں کو متاثر کرتی رہیں گی۔انہوں نے کہا’’ آئیے ہم بنی نوع انسان کی خدمت کے راستے کو اپنانے کا عہد کریں اور ایک منصفانہ معاشرے کی تعمیر کے لیے کام کریں‘‘۔ پی ڈی پی سربراہ نے امید ظاہر کی کہ یہ بابرکت موقع ریاست میں امن، ترقی اور خوشحالی کا محور ثابت ہوگا اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کے رشتوں کو مزید مضبوط کرے گا۔اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گرو نانک جی کی زندگی اور تعلیمات نے ہمیشہ امن، مساوات اور بھائی چارے کی خوبیوں پر زور دیا ہے۔انہوں نے کہا’’’’گرو نانک جی ایک عظیم شخصیت تھی جنہوں نے ہمیشہ اپنے شاگردوں کو معاشرے کے کمزور اور پسے ہوئے طبقوں کی مدد کرتے ہوئے سادگی سے زندگی گزارنے کا درس دیا‘‘۔ انہوں نے مختلف برادریوں کے درمیان ہمدردی اور محبت کی تبلیغ کی اور عدم مساوات اور امتیاز کے خلاف مضبوطی سے کھڑے رہے۔ادھر آل پارٹیز سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی (اے پی ایس سی سی) نے گرو نانک دیو جی کے 552 ویں یوم پیدائش کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد دی ہے۔اے پی ایس سی سی کے قائدین پرنسپل نرنجن سنگھ، اجیت سنگھ مستانہ، سنت سنگھ، ڈاکٹر جے پال سنگھ بالی، دیویندر سنگھ، گرودیال سنگھ اور دیگرلیڈران نے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے دعا کی ہے کہ اس موقع پر دنیا میں امن اور خوشی آئے۔ اے پی ایس سی سی کے چیئرمین اوراپنی پارٹی کے نائب صوبائی صدر جگموہن سنگھ رینہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لوگوں کو گرو نانک دیو جی کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہئے تاکہ محبت اور امن کا پیغام پھیلے۔ انہوں نے کہا کہ اگر لوگ گرو نانک کے بتائے ہوئے راستے پر چلیں تو حتمی امن حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرونانک جی کیلئے کشمیر ایک خاص مقام رکھتا تھا جب سے وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ وادی کا دورہ کرتے تھے جس نے کشمیر پر ناقابلِ تسخیر اثر چھوڑا تھا۔انہوں نے کہا کہ گرو نانک نے 1518 میں کشمیر کا دورہ کیااور وہ بجبہاڑہ اور اونتی پور میں ٹھہرے تھے۔