ڈوڈہ // پیڑ پودوں کی پیداوار میں اضافہ کرنے کی مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے محکمہ جنگلات کی جانب سے بھدرواہ ڈویڑن کے رینج بھلیسہ پنچائت گندوہ و ڈھوسہ میں ایک آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں بی ڈی سی چیئرمین چوہدری محمد حنیف نے سرپنچ گندوہ بلدیو سنگھ و دیگر اراکین کی کے ہمراہ شرکت کی۔اس دوران کئی اقسام کے پیڑ پودوں کے بیج جمع کر کے صاف مٹی میں ملا کر بال نما شکل بنائی گئی۔رینج آفیسر بھلیسہ سریش جموال نے اس حوالے سے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ بال نما شکل میں تیار کرکے اسے اڑتالیس گھنٹوں تک سکھایا جاتا ہے اور اس کے بعد برفباری سے قبل آس پاس کے جنگلوں میں ڈال دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس طریقہ کار سے نوے فیصد پودے وجود میں آتے ہیں اور وہ جنگلی جانوروں سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کی یہ کوشش رہتی ہے کہ زیادہ تر مقامی پودوں کے بیج کا ہی استعمال کیا جا سکے۔انہوں نے لوگوں و سیول سوسائٹی سے جنگلات کے تحفظ و جنگلی اراضی کے بچاؤ کے لئے محکمہ کو تعاون دینے کی اپیل کی۔بی ڈی سی چیئرمین نے محکمہ کی جانب سے اٹھائے گئے اس قدم کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔اور ان کے تحفظ کیلئے اس طرح کی مہم چلانے کی سخت ضرورت ہے تاکہ جنگلات کو فروغ مل سکے۔